عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں انتہائی خراب موسمی واقعات کی وجہ سے 552 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ شدید برف باری سے 182 اموات سرفہرست ہے، اس کے بعد 2010 سے 2022 تک سیلاب کی وجہ سے 119 اموات ہوئیں، ۔اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے 1942 واقعات ریکارڈ کیے گئے جن میں 42 افراد ہلاک ہوئے۔اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ شدید برف باری کے باعث سب سے زیادہ 182 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک دہائی کے دوران ایسے 42 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ 2010 سے 2022 تک ایسے 168 واقعات کی اطلاع ملی۔اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ آندھی کے 31واقعات میں 20 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے 186 واقعات میں 71 افراد ہلاک ہوئے۔گرمی کی لہر کے باعث کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم جموں و کشمیر میں اب تک سردی کی لہر کے 37 واقعات نے 7 افراد کی جان لے لی ہے۔اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کل 409 بھاری بارش کے واقعات رپورٹ ہوئے، جس میں اس خطے میں 111 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔کپواڑہ میں سب سے زیادہ 60 اموات ہوئیں، اس کے بعد کشتواڑ میں 50 کے قریب اموات ہوئیں۔ سب سے کم سانبہ میں 5 سے کم اموات کے ساتھ رپورٹ ہوئے ہیں۔سرینگر میں اس مدت کے دوران انتہائی موسمی واقعات میں تقریباً 20 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ جموں خطہ میں پچھلے ایک ہفتے کے دوران بادلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلابی ریلے ریکارڈ کیے گئے۔ کشتواڑ اور کٹھوعہ دیہات میں 70سے زائد لوگوں کی جانیں گئیں، جب کہ کشتواڑ میں 50 سے زیادہ لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔