پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں ایڈز کی بیماری کافی تیزی سے پھیل رہی ہے اور پچھلے 20سال کے دوران اس بیماری سے 1580افراد کی جان گئی ہے جن میں سے 15سال سے کم عمر نوجوانوں کی تعداد 67ہے۔ جموں و کشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی کے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں ایڈز مریضوں کو علاج و معالجہ فراہم کرنے والے جی ایم سی جموں، سکمز سرینگر اور اے آر ٹی سینٹر کٹھوعہ میںفی الوقت 3906افراد زیر علاج ہیں۔ جموں و کشمیر میں پچھلے 2دہائیوں میں شوگر، بلڈ پریشر اور دیگر غیر متعدی بیماریوں کے ساتھ ساتھ ایڈز بیماری بھی لوگوں کو کافی تیزی سے نشانہ بنا رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جی ایم سی جموں میں مجموعی طور پر ابتک 5447مریضوں کا اندراج ہوا ، جن 3350مرد اور 1910خواتین بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ متاثرین میں 15سال سے کم عمر96 لڑکے اور لڑکیاں شامل ہیں۔یہاں مجموعی طور پر 1381ایڈس مریضوں کی موت ہوئی، جن میں 954مرد ، 366خواتین ،3خواجہ سرا شامل ہیں،جبکہ مرنے والوں میں 15سال سے کم عمر کی 58لڑکیاں اور لڑکے بھی شامل ہیں۔سکمز صورہ کے اعداد و شمار کے مطابق یہاں مجموعی طور پر 861کیسوں کا اندراج ہوا ، جن میں سے 633مرد جبکہ 192خواتین شامل ہیں۔ سکمز میں 15سال سے کم عمر متاثرین کی تعداد 27ہے جن میں سے 15لڑکے اور 12لڑکیاں شامل ہیں۔ یہاں ابتک 161افراد کی موت ہوئی ہے جن میں سے 121مرد، 31خواتین اور 3خواجہ سرا شامل ہیں۔ 42متاثرین کا تعلق بیرون ریاستوں سے ہے جن میں 36مرد ، 3خواتین، ایک خواجہ سرا اور 15سال سے کم عمر کے2لڑکے بھی شامل ہیں۔ سکمز میں اسوقت 541ایڈز مریض زیر علاج ہیں جن میں 372مرد، 149خواتین، 5خواجہ سرا اور 15سال سے کم عمر کی7لڑکیاں اور 8لڑکے شامل ہیں۔ کٹھوعہ سینٹر میں ابتک 470مریضوں کی رجسٹریشن ہوئی ہے جن میں 247مرد، 201خواتین ،14لڑکے اور 8لڑکیاں ہیں۔ کٹھوعہ میں ابتک 38افراد کی موت ہوئی ہے جن میں 27مرد،8خواتین اور 3نوجوان لڑکے شامل ہیں۔ کٹھوعہ میں 25غیر ریاستی ایڈز مریضوں کا بھی اندراج ہوا ہے جن میں سے 19مرد ، 5خواتین اور15سال سے کم عمر کی ایک لڑکی شامل ہے۔ کٹھوعہ میں ابھی بھی 407مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 201مرد، 188خواتین اور 15سال سے کم عمر کے 11لڑکے اور 7لڑکیاں ہیں۔ ایڈس کنٹرول سوسائٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نثار احمد ڈار نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 3اے آر ٹی سینٹر کام کررہے ہیں جن میں ایڈس مریضوں کامفت علاج ، تشخیص اور ادویات کی سہولیات دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مریضوں کو ادویات فراہم کرنے کیلئے ادھمپور، راجوری اور لیہہ میں بھی سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔