عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کوراج بھون میں جے اینڈ کے ہائر ایجوکیشن کونسل کے زیراہتمام تشکیل دیئے گئے ایڈوائزری بورڈ فار کریٹنگ اینڈ ڈیولپنگ انٹرپرینیورشپ کی پہلی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں صنعت اور اکیڈمی کے رابطے کو مضبوط بنانے اور کارپوریٹ کے ساتھ نئی شراکت داری پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اعلی تعلیمی اداروں کو کلاس روم سیکھنے کو از سر نو ایجاد کرنے، تنقیدی سوچ، مسائل کو حل کرنے کی مہارتوں کو فروغ دینے اور متنوع صنعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے والی سرگرمیوں اور منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے تعلیم میں کاروبار پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے نصاب کو دوبارہ ترتیب دینے کی تاکید کی۔انکا کہنا تھا کہآج جموں کشمیر تعلیم کے شعبے میں اختراعی مداخلتوں کی منصوبہ بندی اور نفاذ میں سب سے آگے بن کر ابھر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمارے اعلی تعلیمی اداروں کی صلاحیتوں کا خود جائزہ لیا جائے اور تعلیم کے ساتھ انٹرپرینیورشپ کے اشتراکی ماڈل پر قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق کام کریں۔انہوں نے طلبا کی رہنمائی اور انہیں ایک ایسا ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر مزید روشنی ڈالی جہاں وہ اپنے خیالات اور مخصوص اہداف کو حاصل کر سکیں۔میٹنگ میں تعلیمی نصاب میں انٹرپرینیورشپ کے ہموار انضمام اور ڈیزائن یور ڈگری پروگرام کی سربراہی میں ترقی پسند انٹرپرینیورشپ ایکو سسٹم کی تخلیق کے لیے جامع حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔