بلال فرقانی
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایت پر جموں و کشمیر انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائی گئیں، جن میں5ڈپٹی کمشنر سمیت 14 سینئر آئی اے ایس افسران شامل ہیں۔ اس فیصلے کے تحت ڈویژنل کمشنر کشمیر کی ذمہ داری انسل گرگ کو سونپی گئی ہے۔ سرکاری حکم نامے کے مطابق، محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکریٹری نوین ایس ایل کو تبدیل کر کے سیکریٹری محکمہ شہری ہوا بازی مقرر کیا گیا ہے، جنہیں کمشنرشہری ہوا بازی کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے، اس طرح ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری اس اضافی ذمہ داری سے فارغ ہو گئے ہیں۔سیکریٹری ٹرانسپورٹ کے عہدے پر ایونی لواسہ کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ چیف ایگزیکٹو افسرویشنو دیوی شرائن بورڈ انسل گرگ کو ڈویژنل کمشنر کشمیر مقرر کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل کو چیئرمین جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ بنایا گیا ہے جبکہ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جموںگرپال سنگھ کو منیجنگ ڈائریکٹر جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ تعینات کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر جموں سچن کمار ویشیا اب ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر کی ذمہ داری سنبھالیں گے، اور انیل بانکا کو سپیشل سیکرٹری محکمہ خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔جے پی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر شریکانت بالا صاحب کو ڈپٹی کمشنر کپوارہ تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ ڈاکٹر راکیش منہاس کو ڈپٹی کمشنر جموں بنایا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کپواڑہ آیوشی سدن کو ڈپٹی کمشنر سانبہ کے طور پر تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ منظور احمد قادری کو تبدیل کر کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔سروس سلیکشن بورڈکے چیئرمین اندو کنول کو تبدیل کرکے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ محکمہ محنت و روزگار کے سپیشل سیکریٹری اشوک کمار شرما کو تبدیل کرکے ڈپٹی کمشنر پونچھ تعینات کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سانبہ راجیش شرما کو تبدیل کرکے ضلع ترقیاتی کمشنر کھٹوعہ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔