عظمیٰ نیوزسروس
جموں//مرکزی وزیر اور جموں و کشمیر کے بی جے پی کے انتخابی انچارج جی کشن ریڈی نے جمعرات کو کہا کہ آزادی کے بعد جموں و کشمیر میں اتنے پرامن انتخابات کبھی نہیں ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے اور دوسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران پولنگ کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا۔ جی کشن ریڈی نے دعویٰ کیاکہ یہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت اور الیکشن کمیشن کیلئے ایک کامیابی ہے۔ریڈی نے جموں میں ایک الیکشن جلسے سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بی جے پی کو بالترتیب 18ستمبر اور 25 ستمبر کو ہونے والی پولنگ کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں اکثریت حاصل ہونے والی ہے۔انہوںنے کہاکہ انتخابات کا پہلا اور دوسرا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ جی کشن ریڈی کاکہناتھاکہ میں حکومت ہند اور الیکشن کمیشن کا بہت مشکور ہوں۔ آزادی کے بعد، جموں و کشمیر میں انتخابات اتنے پرامن طریقے سے کبھی نہیں ہوئے۔مرکزی وزیر نے کہاکہ ووٹنگ کی شرح فیصد بھی بڑھ گیا ہے جو کہ مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کے لیے ایک کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے مختلف اسکیموں کو لاگو کیا ہے اور ، پچھلے کچھ سالوں میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر میں امن بحال کیا ہے۔جی کشن ریڈی نے کہاکہ بی جے پی نے جموں و کشمیر میں جو ترقیاتی کام کیے ہیں، مختلف اسکیموں کو نافذ کیا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ جموں و کشمیر میں امن بحال ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ پہلے جموں و کشمیر کا دورہ کرتے ہوئے خوف تھا لیکن گزشتہ ایک سال میں2.11 کروڑ سیاح آئے ہیں۔بی جے پی لیڈر نے یقین ظاہر کیا کہ یہاں کے لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی کو ووٹ دیں گے۔انہوںنے کہاکہ مجھے پورا یقین ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام اپنا ووٹ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کو دیں گے۔جی کشن ریڈی نے کہاکہ انتخابات کے دو مرحلے مکمل ہوچکے ہیں جس میں بی جے پی کو اکثریت ملنے والی ہے۔انہوںنے کہاکہ بی جے پی 100 فیصد اکثریت کے ساتھ آنے والی ہے۔