سرینگر//تحریک حریت نے جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر کی سرزمین کو بھگوا منصوبے کے تحت باضابطہ طور ایک قتل گاہ میں تبدیل کردیا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق تنظیم کے لیڈران راجہ معراج الدین نے مسجد حمزہ لالچوک، حافظ بشیر احمد فاروقی، مولانا مدثر ندوی نے جامع مسجد جڈورہ، محمد رفیق اویسی نے جامع مسجد پانتہ چھوک اور معراج الدین ربانی نے کرہامہ گاندربل میں خطابات کئے۔ مقررین نے کہا کہ بھارت میں برسرِ اقتدار جماعت بی جے پی کے حکمران اور سیاست دان آئے روز کشمیریوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی مبنی بر حق جدوجہد کو دہشت گردی کا نام دے کر کچلنے کے منصوبے عملانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ مقررین نے کہاکہ آج جموں کشمیر کا بچہ بچہ، طلاب، ملازم، خواتین اور عام شہری اپنی آواز بلند کئے ہوئے ہیں۔