اشرف چراغ
کپوارہ//کرائم برانچ کشمیر ونگ نے پیر کے روز پوسٹ گریجویشن کورس کا داخلہ دلانے کے بہانے دھوکہ دہی اور رقم ہتھیانے کے معاملہ میں کپوارہ کے ایک شخص کے خلاف چارچ شیٹ پیش کی۔ کرائم برانچ نے وقار احمد وانی ولد منظور احمد وانی ساکن لدرون ترہگام کپوارہ پرے پورہ سرینگر میں HIIT M/S IITکے نام کے تحت ایک کنسلٹنسی چلا رہا تھا ۔سرینگر کے ایک شہری نے شکایت درج کی کہ ان کی بیٹی نے ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کر لی تھی اور پو سٹ گریجویشن میں اپنی بیٹی کے دا خلے کے لئے منظور احمد سے رجوع کیا تاکہ ان کی بیٹی کا داخلہ ریاست سے باہر ہو ۔ وقار احمد نے انہیں داخلے کا وعدہ کیا اور اس کے لئے 10لاکھ روپیہ ادا بھی کئے۔
لیکن نہ تو داخلے کا بندو بست کیا گیا اور نہ ہی اتنی بھاری رقم واپس کی جس کے بعد وقار منظور وانی کے خلاف ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 54/2018US 420 RPC درج کیا گیا ۔تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ شکایت کنندہ نے وقار منظور وانی کو اپنی بیٹی کو داخلہ دلانے کے لئے 10لاکھ روپے کی رقم ادا کی تھی لیکن ملزم اس میں ناکام رہاکہ ریاست سے باہر پی جی میں داخلہ کا بندو بست کرے ۔تفتیش کے دوران کرائم برانچ کشمیر کو مزکورہ ملزم کے خلاف ایک اور شکایت مو صول ہوئی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ وقار منظور وانی نے ایک اور شکایت کنندہ کے بیٹے کو باہر داخلہ دلانے کے بہانے 9لاکھ روپے کی رقم ہڑپ کی اور اس کے مطابق شکایت کو فوری طور کیس کے ساتھ جوڑ دیا گیا اور اس کو با ضابطہ طور اس کیس کا حصہ بنا دیا گیا ۔تحقیقات سے الزام ثابت ہوگئے اور اسی کے مطابق ملزم کے خلاف کورٹ آف جج سمال کاز سرینگر کی عدالت میں چالان پیش کیا گیا ۔