سرینگر//ضلع اننت ناگ میں مختلف بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے جموں وکشمیر بینک کی جانب سے ڈاک بنگلہ اننت ناگ میں ضلع سطحی جائزہ میٹنگ(DLRC) کا انعقاد ضلع ترقیاتی کمشنرانشل گارگ کی قیادت میں کیا گیا جس میں رواں مالی برس کے تیسرے سہ ماہی یعنی دسمبر2020 کوارٹرکے دوران ضلع کریڈٹ پلان کے تحت مختلف سرکاری اسکیموں کی عمل آوری اور مجموعی سطح پر بینکوں کی کاردگی کا جائزہ لیا گیا۔ لیڈ بینک آفس اننت ناگ کی طرف سے منعقد اس میٹنگ میں لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر آفاق احمد کے علاوہ NABARD، مختلف بینکوں کے نمائندوں اور متعدد سرکاری محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر نے ضلع میں موجود بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے یہ جانکاری دیدی کہ ضلع میں موجود بینکوں میںرواں مالی برس کے تیسرے سہ ماہی تک مجموعی ڈپازٹس6244.93کروڑ روپے تک پہنچ گئے ہیں جبکہ قرضے4197.90 کروڑ روپے ہیں۔ ضلع کا کریڈٹ ڈپازٹ تناسب 67.22فیصد ہے اور 3580.52کروڑ روپے کے ہدف میں سے 1556.84کروڑ روپے کے قرضے واگزار کئے گئے ہیں جس میں سے49613افراد کو ترجیحی سیکٹر میں1063.32کروڑ روپے واگزار کئے گئے ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے بینکوں پر زور دیا کہ مارچ2021کے وسط تک التوا میں پڑے تمام کیسوں کا نپٹارا کیا جانا چاہئے اور زرعی شعبے کی طرف بے روزگار نوجوانوں کو راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے محکمہ پشو پالن کو ہدایت دی کہ وہ امیدواروں کو تربیت دیں تاکہ وہ اس شعبے میں اپنے یونٹ آسانی کے ساتھ قائم کرسکیں۔دیہی خود روزگار ٹریننگ انسٹی چیوٹ اننت ناگ کو یہ ہدایت دی گئی کہ وہ سرکاری محکمے کے تال میل سے امیدواروں کو تربیت دیں تاکہ اس جانب انکا رحجان بڑے۔