سرینگر //جموں وکشمیر بینک چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر نے نئی تقرریوں کے حوالے سے کہا ہے کہ ہم بہت جلد یہ عمل نئے سرے سے شروع کرینگے جس میں پہلے سے زیادہ تقرریاں ہونگی۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ جہاں تک چیف فائنانشل آفیسر کی تقرری کا تعلق ہے، وہ ابھی التو میں ہے کیونکہ ڈومیسائل قانون آنے سے پہلے اس کیلئے اشتہار دیا گیا تھا اور اب یہ تقرری بھی اس نئے قانون کے تحت ہی ہوگی۔ چیئرمین نے کہا کہ ہم نے بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر عہدے کیلئے بھی نئے سرے سے درخواستیں طلب کی ہیں جسمیں یونین ٹریٹری جموں کشمیر اور لداخ کے اہل امیدوار ہی درخواستیں دے سکتے ہیں۔ چیئرمین نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے قبل بینک نے اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرس میں تقریباً مکمل بدلاؤ کیا ہو اہے جو نہایت پیشہ ور، ماہر اور قابل ہیںاور بینک میں مرکزی وجیلنس کمیشن اور آر ٹی آئی کا مکمل اطلاق ہے۔ ان اقدامات سے بینک میں مکمل شفافیت آگئی ہے اور بینک اپنے بارہ ہزار کے قریب ملازمین کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔بیان کے مطابق کورونا وائرس وباء سے کاروباری حلقوں میں اس سے پیدا شدہ مشکلات کا حل تلاش کرنے کیلئے بینک نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ موجودہ کٹھن حالات میں اپنے گاہکوں کو در پیش مسائل پر با اثر غور و خوض کرنے کیلئے اور اپنے کام کاج کو احسن طریقے سے جاری رکھنے کیلئے جموں و کشمیر بینک نے باضابطہ ایک بزنس پلان مرتب کیا ہے جس میں نہ صرف اپنے ملازمین کی صحت و سلامتی کا خیال رکھا جا رہا ہے بلکہ اپنے کروڑوں گاہکوں کے احتیاط کا بھی خیال رکھا جا رہا ہے جس میں متاثرہ ریڈ زونز میں اے ٹی ایم وین کی فراہمی، دور افتادہ علاقوں میںاپنے بزنس نمائندوں کے ذریعے بینک کاری خدمات پہنچانا اور تمام رعایتی اسکیوں کو بر وقت روبہ عمل لانا قابل ذکر ہے۔