سرینگر //موجودہ کورونا وائرس وبا کی صورتحال میں جموں وکشمیر بینک نے یونین ٹریٹری کے عوام تک اپنی خدمات پہنچانے کی غرض سے 985بزنس نمائندوں کو کام پر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام سے دور دراز علاقوں خاص کر جہاں بینک برانچ یا اے ٹی ایم سہولیات ابھی تک مہیا نہیں ہیں ،کور احت پہنچے گی اور اس سے حالیہ سرکاری مراعات غریب عوام تک پہنچانے میں بھی مدد ملیگی۔اس فیصلے کو منظوری دیتے ہوئے جموں و کشمیر بینک چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف سماجی دوری رکھنے میں مدد ملے گی بلکہ ہمارے کاروباری نمائندوں کی ماہوار آمدن میں اضافہ بھی ہوگا، دور دراز دیہاتوں تک بینکنگ خدمات بھی دستیاب رہیں گی اور سرکاری مراعات بھی لوگوں تہ بہ آسانی پہنچ سکتی ہیں۔ چیئرمین نے کہا کہ ہم اپنے بزنس نمائندوں کو انکے معمول کے کمیشن کے علاوہ فی کس پندرہ سو روپے، ماسک، دستانے اور سینٹائزر خریدنے کیلئے دینگے اور اگلے تین مہینوں کیلئے لوگوں تک مختلف بینک کاری سہولیات پہنچانے کیلئے انہیں یکمشت تین ہزار روپے بھی دئے جائیں گے۔یہ یک مدتی سہولیت انہیں جون2020تک دی جائے گی اور اسکے علاوہ ہم نے انکی اُور ڈرافٹ حد بھی پچاس ہزار روپے سے ایک لاکھ روپے تک بڑھا دی ہے۔ واضح رہے کہ بینک نے حالیہ ایام کے دوران کئی قابل ذکر اوراہم اقدام اُٹھائے ہیں جن میں اگلے تین مہینوں کے دوران تمام خواتین جن دھن کھاتہ داروں کو ماہوار پانچ سو روپے معاوضہ دئے جانے کا اعلان ، تمام جن دھن کھاتے داروں کیلئے دس ہزار روپے کا اُور ڈرافٹ ، مبلغ دو ہزار روپے تک کی اُور ڈرافٹ سہولیت بناء کسی دستاویز شامل ہیں۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں 22لاکھ جن دھن اکاؤنٹ ہولڈر ہیں جن میں 16لاکھ51ہزار اکاؤنٹ جموں و کشمیر بینک کے پاس ہیں۔