بلال فرقانی
جموں// جموں و کشمیر کے محکمہ قانون، انصاف اور پارلیمانی امور نے ایک سرکیولر جاری کیا ہے جس میں تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 3 مارچ 2025 سے شروع ہونے والے آئندہ بجٹ سیشن کے لیے پہلے سے ہی مسودہ بل اور نوٹیفیکیشن سمیت قانون سازی کی تجاویز پیش کریں۔ محکمہ کے سیکریٹری سیکرٹری، اچل سیٹھ نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام ضروری دستاویزات بروقت جمع کرائیں تاکہ قانون ساز معاملات کو موثر اور قائم کردہ طریقہ کار کے مطابق نمٹایا جا سکے۔ محکمہ نے واضح کیا کہ تفصیلی قانونی جائزہ لینے کیلئے تمام بلوں کے مسودہ اور قانون سازی تجاویز کو سیشن کے آغاز سے پہلے پیش کیا جانا ضروری ہے۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے بزنس قواعد 2019 کے تحت پیش کیے جانے والے قانون ساز ی مسائل کے عمل اور محکمہ قانون، انصاف اور پارلیمانی امور سے مشاورت کی ضروریات پر بھرپور توجہ دی جائے۔سرکیولر میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ’’سوالات اور دیگر قانون سازی کاموں سے نمٹنے کے لیے مقررہ طریقہ کار کو سختی سے نافذ کیا جائے۔‘‘ مزید بتایا گیا ہے کہ جے اینڈ کے تنظیم نو ایکٹ 2019 کی دفعہ 36 کے تحت لیفٹیننٹ گورنر کی سفارش کی ضرورت ہوتی ہے، انہیں کم از کم 21 دن قبل لیفٹیننٹ گورنر کے سیکریٹریٹ میں جمع کرانا ضروری ہے۔‘سرکیولر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام فائنانشل کمشنر،ایڈیشنل چیف سیکریٹری،پرنسپل سیکریٹری اور سیکریٹریوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ مقرہ ضوابط کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائے۔ انتظامی سیکرٹری اور محکموں کے سربراہان اس وقت اسمبلی میں موجود ہوں جب ان کے محکموں سے متعلق مسائل پر بحث کی جا رہی ہو۔ اس ہدایت کا مقصد یہ ہے کہ متعلقہ حکام اسمبلی میں اٹھائے گئے سوالات کے جواب دینے اور اہم معلومات فراہم کرنے کیلئے موجود ہوں۔