عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات سے پہلے، الیکشن کمیشن نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی سمری نظر ثانی کا حکم دیا ہے۔الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر اور تین ریاستوں میں خصوصی سمری پر نظر ثانی کا حکم دیا ہے جہاں اس سال انتخابات ہونے والے ہیں۔آرڈر میں کہا یا ہے’’یہ بتانا ہے کہ آپ کی ریاست میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات اس سال کے آخر میں ہونے والے ہیں اور عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 کا سیکشن 21(2) یہ فراہم کرتا ہے کہ کسی ریاست کی قانون ساز اسمبلی کے ہر عام انتخابات سے پہلے انتخابی کوالیفائنگ کے حوالے سے نظر ثانی کی جائے گی‘‘۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر کو بھیجے گئے ایک مکتوب میں کہاگیا ہے کہ انتخابی فہرست کی صحت کو بہتر بنانے کے مقصد سے، تمام اہل شہریوں کی رجسٹریشن کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے، جو یکم جولائی 2024 کو یا اس سے پہلے 18 سال کی عمر کو پہنچ رہے ہیں ، کمیشن نے تصویری انتخابی فہرست کی دوسری سمری نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ خط مہاراشٹرا، ہریانہ اور جھارکھنڈ کے سی ای اوز کو بھی بھیجا گیا ہے جہاں اس سال کے آخر میں انتخابات ہونے والے ہیں۔خط سے پتہ چلتا ہے کہ نظر ثانی کی مشق 25 جولائی کو شروع ہوگی اور 20 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔نظرثانی کی مشق سے پہلے، الیکشن کمیشن جموں و کشمیر اور تین ریاستوں میں 25 جون سے 24 جولائی تک پری نظرثانی سرگرمیاں انجام دے گی۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سال الیکشن کمیشن آف انڈیا کو جموں و کشمیر میں 30 ستمبر تک اسمبلی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔جموں و کشمیر کے لوگ مقامی سطح پر اپنے نمائندے منتخب کرتے ہیں، ان کے ذریعے آپ مسائل کے حل کے راستے تلاش کرتے ہیں، اس سے بہتر اور کیا ہو سکتا ہے؟ اس لیے اب اسمبلی انتخابات کی تیاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب آپ جموں و کشمیر کی نئی حکومت اپنے ووٹوں سے منتخب کریں گے۔ وہ دن بھی جلد ہی آئے گا جب جموں و کشمیر ایک بار پھر ایک ریاست کے طور پر اپنا مستقبل بہتر بنائے گا۔