نیوز ڈیسک
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ہندوستانی سیکورٹی ایجنسیاں اپنی بالادستی قائم کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں اور اب کوئی بھی ملک کو کسی بھی میدان میں نظر انداز نہیں کر سکتا اور نہ ہی کسی کو آگے بڑھنے سے روک سکتا ہے۔یہاں ڈی جی پیز اور آئی جی پیز کی تین روزہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب یقینی طور پر محفوظ، مضبوط اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اچھی منزل پر ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں ہندوستان کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیںروک سکتا ۔شاہ نے کہا کہ پہلے ملک کے مسائل جغرافیائی تھے، اب مسائل موضوعاتی ہوتے جا رہے ہیں، اور اس کے لیے سیکورٹی ایجنسیوں کو اپنی حکمت عملی اور نقطہ نظر میں تبدیلی لانا ہوگی۔شاہ نے کہا کہ داخلی سلامتی کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے پولیس کو بااختیار بنانا ہوگا اور مودی حکومت اور وزارت داخلہ ریاستوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب جموں و کشمیر کے بچے عسکریت پسندی کی وجہ سے ملک کے دوسرے حصوں میں تعلیم حاصل کرنے جاتے تھے۔ “لیکن آج ملک کے دیگر حصوں سے 32,000 بچے جموں اور کشمیر میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں،” ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح گزشتہ چار سالوں میں جتنی سرمایہ کاری آئی ہے وہ پچھلے 70 سالوں میں جموں و کشمیر میں آنے والی سرمایہ کاری سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر آہستہ آہستہ امن اور ترقی کی طرف گامزن ہورہا ہے۔شاہ نے کہا، ’’جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات، اموات اور دہشت گردی کے زیر اثر علاقوں میں کافی حد تک کمی آئی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ جموں و کشمیر آہستہ آہستہ امن اور استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سال ریکارڈ سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹیریٹری کا دورہ کرنے والے سیاحوں کی تعداد 1.80کروڑ تھی، جو ظاہر کرتی ہے کہ پوری قوم کو یقین ہے کہ خطے میں امن لوٹ رہا ہے۔وزیر نے کہا، ’’میں جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف (سنٹرل ریزرو پولیس فورس)، بی ایس ایف (بارڈر سیکورٹی فورس)، آئی بی (انٹیلی جنس بیورو) اور را (ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ) کو مبارکباد دیتا ہوں کیونکہ ان کی کوششیں آہستہ آہستہ پھل دے رہی ہیں۔