جموں//قانون ساز اسمبلی نے جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور ججوں کی تنخواہوں کو بڑھانے کے سلسلے میں 37ویں کنسچیوشنل ایمنڈمنٹ بل 2018 پا س کی۔ بل کے خدو خال کا خلاصہ کرتے ہوئے دیہی ترقی و پنچایتی راج ، قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان جنہوںنے ایوان میں اس بل پیش کیا نے کہا کہ پارلیمنٹ نے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ ججوں کی تنخواہوں ، پنشن اور فیملی پنشن ایکٹ 1954 میں نظر ثانی کر کے ان کی تنخواہوں اور پنشن و فیملی پنشن میں اضافہ کیا ہے اور اس کا اطلاق یکم جنوری 2016 ء سے ہوگا۔وزیرنے کہا کہ اس ایکٹ کے تحت ہائی کورٹ کی چیف جسٹس کی تنخواہ 90,000روپے سے ڈھائی لاکھ روپے جبکہ ہائی کورٹ ججوں کی تنخواہ 80,000روپے سے سو ا دولاکھ روپے تک بڑھائی گئی ہے ۔ایم ایل اے خانیار علی محمد ساگر اور ایم ایل اے پہلگام علی محمد وانی نے بل پر روشنی ڈالی ۔بعد میں ایوان بالا نے بل کو پاس کیا ۔