عظمیٰ نیوز سروس
جموں//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی لیڈروں سے کہا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں بلدیاتی وپنچایتی اداروں کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں۔یہ ہدایت موصوف نے پارٹی صدر دفتر گاندھی نگر جموں میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔ اس اجلاس میں سنیئر صوبائی لیڈران، ضلع صدور اور پارٹی کے مختلف شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی ۔ بخاری نے پارٹی لیڈروں سے کہاکہ وہ جموں وکشمیر میں اربن لوکل باڈیز اور پنچایتی راج انتخابات کے لئے تیار رہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ ممبر شپ مہم اور عوامی رابطہ پروگرام میں تیزی لائیں جس دوران جلد ازالہ کے لئے لوگوں کے مسائل کو اْجاگر کریں ۔
انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کے سمارٹ میٹروں کی تنصیب متعلق یکطرفہ فیصلے سے عوام کی جیبوں پر اضافی بوجھ پڑا ہے۔انہوں نے مزید کہا’’جموں، سانبہ اور کٹھوعہ میں احتجاج کے باوجود جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر ٹول پلازہ چل رہا ہے، تعمیروترقی کے فقدان، بے روزگاری اور منشیات کی وجہ جیسے مسائل نے لوگوں کی معمول کی زندگی کو متاثر کیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ انسانی طریقہ سے اِن مسائل کا حل نکالاجانا چاہئے‘‘۔ بخاری کا مزید کہناتھا’’ جموں وکشمیر کے لوگ تفرقہ انگیز سیاست کا شکار رہے ہیں لہٰذا اْنہیں غیر متعصبانہ نمائندگی فراہم کی جانی چاہئے‘‘۔ انہوں نے اِس بات پر حیرانگی کا اظہار کیاکہ جموں اور کشمیر میں یکساں طور لوگوں کی طرف سے سٹیٹ ہڈ اور جمہوری نظام کی بحالی کے مطالبات کے باوجود اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کی جارہی ہے تاہم انہوں نے اِس بات کی تعریف کی کہ جموں وکشمیر میں اربن لوکل باڈیز اور پنچایت کے انتخابات کرائے جارہے ہیں۔
انہوں نے جموں صوبہ میں پارٹی لیڈران کی طرف سے کئے جارہے کام کی تعریف کی اور کہا ’’ہمیں بلدیاتی وپنچایتی انتخابات کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے، بہترین اْمیدواروں کا انتخاب ضروری ہے، متحدہوکر زمینی سطح پر کام کرنے سے ہی بہترنتائج نکل سکتے ہیں جوکہ مجموعی طور پارٹی کے لئے فائیدہ مند رہیں گے۔ یوٹی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے الطاف بخاری نے کہا’’بیروکریسی لوگوں کی توقعات پر کھرا اْترنے میں ناکام رہی ہے۔ عوام مخالف کئی ایسے فیصلے لئے گئے جس سے انتظامیہ کیخلاف لوگوں میں بد اعتمادی پھیل گئی ہے۔ بد اعتماد ی اور احساس بیگانگی کا ازالہ کرنے کے لئے تاریخی ریاست جموں وکشمیر کے درجہ کی بحالی اور انتخابات کا انعقاد ناگزیر بن چکا ہے۔اجلاس سے پارٹی نائب صدر اعجاز احمد خان نے بھی خطاب کیا۔صوبائی صدر جموں سردار منجیت سنگھ نے صدر موصوف کو بتایاکہ پارٹی عوامی مسائل کو حل کرنے میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہے اور پارٹی کے اندر شکایات ازالہ سیل قائم کیاگیاہے۔ انہوں نے عوامی رابطہ پروگرام، ممبر شپ مہم اور لوگوں سے جوڑنے کے لئے آگے منعقد کئے جانے والے پروگراموں کے بارے میں بھی تفصیلی طور بتایا ۔