جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ 70برسوں سے انصاف اور مساوات کے منتظر اور آج بھی اس کے لئے جدوجہد کرنے والے جموں پردیش اور وادی کشمیر کے لوگوں کے لئے حق و انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ پنتھرس پارٹی کی تجویز کردہ تشکیل نو ہی مسئلہ کا واحد حل ہے۔انہوں نے جموں بیوپار منڈل ، چیمبر آف کامرس اور جموں بار ایسوسی ایشن سمیت سول سوسائٹی کی طرف سے جموں توی میں سکریٹریٹ کے پہلے دن 6نومبر 2017کو امتیاز کے خلاف مظاہر ہ کا اہتمام کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر کی تشکیل نو سے ہی جموں وکشمیر کے تینوں خطوں جموں، لداخ اور وادی کے کشمیر لوگوں کیلئے انصاف اور برابری مل سکتی ہے جس سے وہ 1947سے محروم ہیں۔جموں وکشیر کی تشکیل نو کرکے دو ریاستوں جموں اور وادی کشمیر قائم کی جائیں جبکہ لداخ کو اس بات کا اختیار دیا جائے کہ وہ جس ریاست وادی کشمیریا جموں پردیش کے ساتھ جانا چاہیں جا سکتے ہیں یا پھر اگر وہ چاہیں تو مرکز زیرانتظام علاقہ کے طورپر رہ سکتے ہیں۔ پاک مقبوضہ کشمیر اور گلگت ۔بلتستان کے لوگ پاکستان سے آزادی کے بعد اپنی پسند کا انتخاب کریں۔جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی نے 2002کو اس اعلانیہ کو اپنایا تھا۔پنتھرس سپریمو پروفیسر بھیم سنگھ نے یہ پیغام تمام اراکین پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کو بھیجا ہے جس کے لئے پنتھرس پارٹی 6نومبر، 2017کو ریلی کررہی ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے اس ریلی کے اہتمام کے لئے جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کی قیادت کو مبارکباد دی اور جموں وکشمیر کے لوگوں سے اس تحریک کی حمایت کرنے کی اپیل کی ۔پروفیسر بھیم سنگھ نے زور دیکر ہند اور پاکستان کے رہنماوں سے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہے اورہند اور پاکستان کے شہری ایک ہی ثقافت اور تاریخ سے وابستہ ہیں جو تبدیل نہیں کی جاسکتی۔