سرینگر// ریاست کی خصوصی آئینی حیثیت اور موجودہ سیاسی صورتحال پر غور وفکر کرنے اور حکومت کو جواب دہ بنانے کیلئے نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریاست کی سبھی مین سٹریم سیاسی پارٹیوں کی خصوصی میٹنگ طلب کی ہے ۔نیشنل کانفرنس کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی سربراہی میں ہونے والی س اہم میٹنگ میں دفعہ35Aجو ریاست جموں وکشمیر میں حقوق جائیداد قوانین کی دیکھ بھال کرتا ہے ،حالیہ اعداد وشمار ترمیمی بل جوریاستی اسمبلی کو مطلع کئے بغیر پارلیمنٹ میں پاس کی گئی ،علیحدگی پسند لیڈران کی حالیہ گرفتاریاں اور ان پر پتھرائو اور عسکریت کیلئے فنڈنگ کے الزامات کے علاوہ وادی میں شہری ہلاکتوں کے معاملات زیر بحث لائے جائیں گے ۔ڈاکٹر فاروق کی طرف سے میٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کانگریس کے مقامی صدر غلام احمد میر نے کہاکہ ہمیں نیشنل کانفرنس سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی طرف سے دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ مدعو کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم اس میٹنگ میں شرکت کریں گے اور ایجنڈا کے حساب سے اپنے خیالات کااظہار کریں گے ۔اس دوران سی پی آئی ایم سیکریٹری محمد یوسف تاریگامی ،پی ڈی ایف چیئرمین حکیم محمد یاسین اور ڈی پی این صدر غلام حسن میر نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی تصدیق کی ہے ۔