جموں //امداد باہمی اور لداخ امور کے وزیر چھرینگ دورجے نے ریاست میں کواپریٹو تحریک کوبحال کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے نوجوانوں اور خواتین پر زور دیا کہ وہ اس تحریک میں بھرپور شرکت کریں تا کہ وسائل کو سماج کی بہتری کے لئے ایک صحیح سمت دی جاسکے۔وزیر موصوف جموں وکشمیر کواپریٹو یونین لمٹیڈ کی طرف سے منعقدہ ایک سییمنار سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقعہ پر وزیر موصوف نے جموں صوبے کی مارکیٹنگ سوسائٹیوں کے صد نشینوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے یونین کی طرف سے کئے جارہے اقدامات کی سراہنا کی اور کہا کہ کواپریٹو سوسائٹیوں کو ریاست میں اقتصادی طور فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کواپریٹو تحریک کے بارے میں لوگوں میں جامع بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔رجسٹرار کواپریٹو بشیر احمد بٹ نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔تقریب میں کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔