عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموںوکشمیر کی وحدت، انفرادیت، شناخت اور صدیوں کے بھائی چارہ کو زندہ رکھنے کیلئے ہمیں ہر سطح پر یکجہتی ، اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور اسی صورت میں ہم موجودہ چیلنجوں، مشکلات اور مسائل سے نجات پاسکتے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوامی رابطہ مہم جاری رکھتے ہوئے منگل کو ٹائون ہال ڈورو شاہ آباد میںایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ جموں وکشمیر کا وجود ختم کرنے کی سازشیں ابھی تک بند نہیں ہوئیں اور ان مذموم سازشوں کو ناکام بنانا ہر ایک ذی حس شہری کا فرض بنتا ہے، یہاں کے ہر ایک پشتینی باشندے کو اپنا رول نبھانا ہوگا اور سب سے اہم اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ نئی دلی کو آڑ ہاتھوں لیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ’’ ہم ہمیشہ خلوص دل کے ساتھ مرکزی حکومتوں کے ساتھ چلے لیکن اس خلوص کے بدلے ہمارے ساتھ دھوکے کئے گئے۔ ہمارے ساتھ وقت وقت پر وعدے کئے لیکن بعد میں ان وعدوں سے انحراف کیا گیا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا ’’ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم کسی کے غلام نہیں۔ ہم وقار، عزت ،آبرو اور امن و سکون کے ساتھ زندگی گزارنے کے خواہاں رہے ہیں‘‘۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں آج تک کوئی بھی ریاست یوٹی نہیں بنی بلہ یوٹیز کو ریاست بنتے دیکھا گیا ۔ جموں و کشمیر مسلم اکثریتی ریاست تھی اسی لئے اسے یوٹی بنایا گیا اور مسلم اکثریت ہونے کی وجہ سے ہمارے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا گیا اور آج بھی رکھا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک کی باقی ریاستوں میں خالی پڑی نشستوں کیلئے ضمنی انتخابات کا اعلان کیا گیا پھر جموں و کشمیر کی خالی پڑی دو اسمبلی نشستوں اور 4راجیہ سبھا نشستوں کے انتخاب کرانے میں لیت و لعل کی پالیسی کیوں اختیار کی گئی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اور مستقبل میں بھی جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کیلئے لڑنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرینگے۔ صدرِ نیشنل کانفرنس نے کہا کہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات آنے والے ہیں اور اس کیلئے ہمیں آج سے ہی کمربستہ رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والے چنائو میں کسی بھی پارٹی کیساتھ انتخابی گٹھ جوڑ نہیں کیا جائیگا۔ کنونشن میں عمران احمد شاہ ، مظفر احمد، انیس الاسلام، بلاک صدور، ڈیلی گیٹ حضرات، حلقہ اور محلہ صدور، ڈی ڈی سی ممبران بھی موجود تھے۔ کنونشن کا انعقاد پارٹی کے صوبائی سکریٹری و انچارج کانسچونسی ڈورو سید توقیر احمد نے کیا تھا۔ کنونشن میں سینئر پارٹی لیڈر و کابینہ وزیر سکینہ ایتو، ضلع صدر اننت ناگ و ایم ایل اے پہلگام الطاف کلو، ایم ایل اے پانپور جسٹس(ر) حسنین مسعودی ،ایم ایل اے کوکرناگ چودھری ظفر کھٹانہ اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔