سرینگر// پریس کونسل آف انڈیا ( پی سی آئی ) نے جموں وکشمیر میں فُل کونسل کے دوران میڈیا اور اس کے منظر نامے کی سب کمیٹی کی رپورٹ کو آج منظوری دی۔یہ رپورٹ ایک پریس کانفرنس کے دوران جاری کی گئی جسے پی سی آئی چیئرمین جسٹس سی کے پرساد نے یہاں میڈیا کمپلیکس میں خطاب کیا۔پی سی آئی کی تاریخ میں یہ پہلا موقعہ ہے جب پی سی آئی نے سرینگر میں فُل کونسل میٹنگ کا اہتمام کیا۔میٹنگ کی صدارت پی سی آئی چیئرمین جسٹس سی کے پرساد نے کی۔پی سی آئی کے جن ممبران میں میٹنگ میں حصہ لیا اُن میں ایس این سنہا، پریذیڈنٹ انڈین جنرلسٹس یونین، پرکاش دوبے گرؤپ ایڈیٹر دینک بھاسکر، پربھات کمار، اپوربھا کمار، بپن نیوار، راجیو رنجن ناگ، کے ڈی چنڈولہ، سمن گپتا، ڈاکٹر کے سری نواس راؤ، سی کے نائیک، پرجا نند چودھری،سون دیپ شنکر، کے امر ناتھ اور گوریندر سنگھ شامل ہیں۔وبھا بھارگوا سیکرٹری پی سی آئی، پونم سبل، ڈپٹی سیکرٹری پی سی آئی اور دیگر پی سی آئی سے وابستہ افسران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پی سی آئی کی سہ رکنی سب کمیٹی جس کی سبراہی ایس این سنہا کر رہے ہیںنے اس سال کے اوائل میں کشمیر، جموں اور لداخ کا دورہ کر کے ریاست میں میڈیا کو درپیش مسائل پر غور وخوض کیا۔ریاست کے تینوں خطوں کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد آج فُل کونسل نے سالانہ میٹنگ سرینگر میں منعقد کی اور میڈیا کو درپیش مشکلات پر غور خوض کیا۔ پریس کونسل آف انڈیا کی یہ آخری فُل کونسل میٹنگ ہوگی۔اس سال کے آخر میں نئی کونسل تشکیل دی جائے گی۔پی سی آئی چیئرمین نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ، حکومت جموں وکشمیر اور ناظم اطلاعات مُنیر الاسلام کی ذاتی کوششوں کی سراہنا کی جو انہوں نے پی سی آئی کے دورے کے دوران انجام دیں۔پی سی آئی نے جموں وکشمیر حکومت کے اُس فیصلے کو بھی سراہا جس کے تحت میڈیا ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل دی گئی۔دریں اثنا کئی میڈیا اداروں کے مالکان، ایڈیٹروں اور ورکنگ جنرلسٹوں کے کئی وفود آج بعد دوپہر پی سی آئی ڈیلی گیشن سے ملاقی ہوئے اور انہیں ریاست میں میڈیا کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفود میں کشمیر ایڈیٹرس گلڈ، جے اینڈ کے جوائنٹ فورم آف نیوز پیپرز ایڈیٹرس، کشمیر ورکنگ جنرلسٹس ایسوسی ایشن، ٹی وی جنرلسٹس ایسوسی ایشن کشمیر، ویڈیو جنرلسٹس ایسوس ایشن کشمیر، فوٹو جنرلسٹس ایسوسی ایشن اور دیگران شامل ہیں۔