ٹی ای این
سرینگر//قومی سطح پر مہنگائی شرح میں قدرے گراوٹ کے دوران ملک کی تقریبا 12ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں بشمول جموں وکشمیرنے ملکی شرح سے بھی گراوٹ درج کی ہے ۔تازہ اعداد وشمار کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے حال ہی میں جاری کی گئی رٹیل افراط زر کی شرح5.1فیصد ظاہر کی گئی اور اب ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی شرح افراط زر جاری کی گئی ہے جس کی رو سے جموں وکشمیر سمیت 12ریاستوں اور یو ٹیزکی مہنگائی شرح 5فیصد سے بھی کم درج کی گئی ہے ۔
اعداد وشمار کے مطابق جموں کشمیر کی رٹیل افراط زر4.4فیصد ہے جبکہ دہلی میں یہ 2.56 فیصد، مدھیہ پردیش میں 3.93 فیصد اور کیرالہ میں 4.04 فیصد رہی ہے ۔ سرکاری اعداد و شمار 5 ملین سے زیادہ آبادی والی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے۔ دس ریاستوں میں افراط زر کی شرح زیادہ تھی جن میں اوڈیشہ (7.55 فیصد)، تلنگانہ (6.34 فیصد) اور ہریانہ (6.24 فیصد) شامل ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے مہنگائی کی شرح کو کنٹرول کرنے کیلئے متعدد سخت اقدامات عمل میں لائے ہیں جن میں برآمدات میں کمی اور درآمدات کیلئے ڈیوٹی و دیگر ٹیکسز کو کم کرنا شامل ہے ۔حکومت نے گذشتہ برس سے مہنگائی کوقابو کرنے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں جن سے بڑھتی افراط زر کی شرح کو کسی حد تک قابو میں کرلیا گیا ہے ۔البتہ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ موجودہ5.10فیصد رٹیل افراط زر سے بھی کم شرح مہنگائی پر آنا چاہتے ہیں اور اسکے کیلئے متعدد اقدامات کا کیا جانا ضروری ہے ۔