عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر میں عید الاضحیٰ کی تقریب سعید تزک و احتشام، عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر وادی کے طول و عرض میں نمازِ عید کے پُرامن اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سب سے بڑی اور روحانی تقریب سرینگر کے تاریخی آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں ہزاروں فرزندانِ توحید نے عید کی نماز ادا کی۔
حضرت بل میں علی الصبح سے ہی نمازیوں کا جمِ غفیر دیکھنے کو ملا، جو مقامی، ضلعی اور اطراف و اکناف کے علاقوں سے عید کی نمازکی غرض سے یہاں پہنچے تھے۔ نماز کے بعد معروف علمائے دین نے خطبہ عید میں فلسفۂ قربانی، اتحاد بین المسلمین، معاشرتی اصلاح، اور انسانیت کے لیے ایثار جیسے پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
حضرت بل کے علاوہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ، کپواڑہ، ہندوارہ اور سوپور نیز جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، کولگام، شوپیاں اور پلوامہ میں بھی نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ تمام اضلاع میں مقامی عیدگاہوں اور مرکزی جامع مساجد میں ہزاروں لوگوں نے نمازِ عید ادا کی۔ وعظ و تبلیغ کے دوران علمائے کرام نے امت کے اتحاد، مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنے اور سنتِ ابراہیمی کی تقلید پر زور دیا۔
جموں، راجوری، پونچھ، ڈوڈہ، بھدرواہ ،کشتواڑ اور رام بن سمیت جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات پُرامن ماحول میں منعقد ہوئے۔ مختلف مساجد اور کھلی عیدگاہوں میں ہزاروں لوگوں نے عبادات میں شرکت کی۔ علمائے کرام نے لوگوں کو امن، ہم آہنگی اور انسان دوستی کے پیغام پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔
عید کے پیش نظر وادی بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس اور سی آر پی ایف کی اضافی نفری کو اہم مقامات اور مرکزی اجتماعات کے گرد تعینات کیا گیا تھا تاکہ عید کے اجتماعات پُرامن طریقے سے منعقد ہو سکیں۔ حکام کے مطابق دن بھر کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔
نماز کے بعد لوگوں نے سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کے جانور ذبح کیے۔ خاص طور پر یتیموں، بیواؤں، اور نادار طبقوں میں گوشت کی منصفانہ تقسیم کی گئی۔ مختلف سماجی و فلاحی انجمنوں نے بھی اس نیکی کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس سے اسلامی مساوات، انسان دوستی اور ایثار کا عملی مظاہرہ سامنے آیا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون، نیشنل کانفرنس کے ڈاکٹر فاروق عبداللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور میرواعظ عمر فاروق سمیت متعدد سیاسی و مذہبی شخصیات نے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور کشمیری عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی دعا کی۔
جموں وکشمیر میں عید الالضحیٰ کی تقریب سعید مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی
