عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بھاجپا کی جانب سے جموں وکشمیر میں ’وال رائٹنگ ‘‘مہم شروع کر دی گئی ہے ۔اس مہم کا آغاز پارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے دیگر سنیئر لیڈران کی موجود گی میں باضابطہ طورپر کیا۔ رویندر رینہ نے کہا کہ ’’دیواری تحریر‘ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی کی مہم کا ایک حصہ ہے۔ دیوار پر ’’ایک بار پھر مودی سرکار‘‘ لکھتے ہوئے انہوں نے عوام سے ووٹ دینے کی اپیل بھی کی تاکہ ایک بار پھر مودی حکومت بنا کر پورے ملک کے ساتھ جموں و کشمیر کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔انھوں نے کہا کہ ابھیان پورے علاقے میں ہر بوتھ میں دیواری تحریر کو یقینی بنا کر زمینی سطح پر لے جایا جائے گا ۔بھاجپا سنیئر لیڈر نے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے ملک میں سیاسی استحکام فراہم کیا ہے جس نے تمام پلیٹ فارمز پر قوم کو مضبوط کیا ہے اور اسے اپنے باشندوں کے ساتھ آگے بڑھایا ہے۔ ترقی کے اس مشن کو اسی رفتار سے آگے بڑھانے کے لئے موصوف نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو چائیے کہ وہ اب عام لوگوں کی مشکلات کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔رویندر ینہ نے کہا کہ کارکن وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شروع کی گئی فلاحی سکیموں کو غریب اور مستحق آبادی تک لے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مذکورہ سکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں ۔