یٰسین جنجوعہ
جموں//بھاجپا جس نے جموں وکشمیر میں ادھم پور کٹھوعہ اور جموں ریاسی نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ،نے سب سے زیادہ 24فیصد ووٹ حاصل کر کے ووٹوں کے اعداد و شمار ک مناسبت سے پہلے نمبر پررہی ہے ۔الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے اعداد و شمار کے مطابق پارٹی نے 24 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کئے ہیں۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے آخری مرحلے میں جاری کئے گئے اعداد و شما ر کے مطابق بی جے پی نے 24.36 فیصد (12,44,404) ووٹ شیئر حاصل کئے، اس کے بعد نیشنل کانفرنس (NC)، جو کشمیر کے علاقے میں اننت ناگ اور سری نگر لوک سبھا سیٹوں پر کامیاب ہوئی ہے ،نے 22.30 ووٹ حاصل کئے۔کانگریس، جو جموں اور ادھم پور کی دو سیٹوں پر بی جے پی کے خلاف مقابلہ کر رہی تھی، نے 19.38 فیصد ووٹ شیئر (99، 0182) حاصل کئے، اس کے بعد آزاد امیدواروں کو 23.94 فیصد ووٹ (12,23,161 ووٹ) ملے جبکہ پی ڈی پی کو 8.48 ووٹ شیئر (4,33,049 ووٹ) ملے لیکن 2019 کے مقابلے میں بھاجپا کے ووٹوں کی شرح کم ہو ئی ہے ۔پارٹی امید وار اور مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما کی کامیابی کے بعد پارٹی کارکنوں و لیڈران نے جموں پارٹی دفتر کیساتھ ساتھ دیگر اضلاع میں پارٹی دفاتر میں جشن منایا ۔اس دوران پارٹی کارکنوں ولیڈران نے آپس میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی ۔