یو این آئی
سرینگر27// جموں وکشمیر کی نو منتخب سرکار رواں ہفتے اہم فیصلے لے سکتی ہے اور اس حوالے سے عمر عبداللہ کی سربراہی والی حکومت نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔باوثوق ذرائع نے بتایا کہ نئی دہلی میں کئی دنوں تک قیام کے بعد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پیر کی صبح سیول سیکریٹری سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ ڈبل راشن، ہر سال بارہ گیس سلنڈروں کی فراہمی کو لے کر رواں ہفتے ہی فیصلہ لینے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف بورڈوں اور کارپوریشنوں میں نئے وائس چیرمینوں کی تعیناتی کے حوالے سے بھی سرکار فیصلہ لے سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق بورڈوں اور کارپوریشنوں میں نئے چیرمینوں کے ناموں پر غور وغوض کیا جارہا ہے۔بتادیں کہ نئی سرکار کے معروض وجود میں آنے کے بعد ابھی تک کوئی بڑا فیصلہ نہیں لیا جاسکا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے نہ صرف الیکشن منشور میں کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا بلکہ وقف بورڈ سمیت کارپوریشنوں میں وائس چیرمینوں کی تعیناتی پر بھی مہر ثبت کی جاسکتی ہے۔