عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// مرکزی حکومت نے بدھ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں ریلوے کے5 نئے سروے جاری ہیں، جبکہ دیگر منصوبے تعطل کا شکار ہیں۔لداخ سے ممبر پارلیمنٹ محمد حنیفہ کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے کہا، “سرینگر-کرگل-لیہہ ریل منصوبہ زیادہ لاگت اور کم مانگ کی وجہ سے چھوڑ دیا گیا ہے، اور جموں-پونچھ لائن فزیبلٹی خدشات کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے۔وزیر نے واضح کیا کہ خطے کی اسٹریٹجک اہمیت کے باوجود کشمیر میں گاندربل اور لداخ میں کرگل کے درمیان ریل رابطے کے لیے کوئی سروے کرنے کا کوئی فوری منصوبہ نہیں ہے۔وزیر نے کہا کہ جموں اور پونچھ کے درمیان اکھنور اور راجوری (223 کلومیٹر)کے درمیان ایک نئی ریلوے لائن کا سروے کیا گیا تھا، اور اس منصوبے کی تخمینہ لاگت 22,771 کروڑ روپے تھی۔ انہوں نے مزید کہاتاہم، کم ٹریفک کے تخمینے کی وجہ سے، پروجیکٹ آگے نہیں بڑھ سکا۔دریں اثنا، جموں و کشمیر میں ریلوے کے پانچ نئے سروے کئے گئے ہیں جن میں بارہمولہ-اوڑی نئی لائن (46 کلومیٹر)، سوپور-کپواڑہ نئی لائن (37 کلومیٹر)، اننت ناگ-پہلگام نئی لائن (78 کلومیٹر)، اونتی پور-شوپیان نئی لائن (28کلومیٹر)، بانہال-بارہمولہ اور ڈوبلنگ (18 کلومیٹر)شامل ہیں۔جبکہ ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک مکمل طور پر مکمل ہو چکا ہے، جوجموں و کشمیر کے کئی اضلاع کو جوڑتا ہے، لیکن راجوری اور پونچھ تک ریلوے کا رابطہ غیر یقینی ہے، مستقبل میں توسیع کے لیے کوئی واضح ٹائم لائن نہیں ہے۔ویشنو نے مزید بتایا کہ ایک اور ریلوے پروجیکٹ، بلاس پور-منالی-لیہہ ریل لائن کی وزارت دفاع نے ایک اسٹریٹجک لائن کے طور پر شناخت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس 489 کلومیٹر کے منصوبے کا سروے مکمل ہو چکا ہے، اور ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (DPR) تیار کر لی گئی ہے۔ پروجیکٹ کی تخمینہ لاگت 1,31,000 کروڑ روپے ہے۔وزیر نے مزید کہا کہ سری نگر-کرگل-لیہہ ریل لائن کے لیے 2016-17 میں ایک سروے کیا گیا تھا۔ “480 کلومیٹر کے مجوزہ راستے پر 55,896 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ تاہم، کم ٹریفک کے تخمینے کی وجہ سے اس منصوبے کو آگے نہیں بڑھایا گیا،” ۔مرکزی حکومت نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ جموں و کشمیر کے راجوری اور پونچھ اور ریاسی-کٹراسے راجوری تک ریل لائن کو ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کرنے کا کوئی فوری منصوبہ نہیں ہے۔ایم پی میاں الطاف احمد کے ایک اور سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ ریلوے کے منصوبے ضلع یا ریاست کی بنیاد پر نہیں بلکہ فزیبلٹی، ٹریفک کے تخمینے اور مالیاتی قابل عمل ہونے کی بنیاد پر منظور کیے جاتے ہیں۔”ریلوے کے منصوبوں کی منظوری آخری میل کنیکٹیویٹی، روابط، سماجی و اقتصادی فوائد اور فنڈز کی دستیابی جیسے عوامل کی بنیاد پر دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ زمین کا حصول، جنگلات کی منظوری، موسمی حالات، اور امن و امان کی صورتحال جیسے چیلنجز خطے میں ریلوے منصوبوں کی ٹائم لائن کو متاثر کرتے ہیں،” ۔