یو این آئی
سرینگر//جموں وکشمیر اورلداخ میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران یکے بعد دیگر 6 زلزلوں کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جبکہ 15 منٹ کے اندر دو جھٹکے آئے۔نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی کے مطابق پہلا زلزلہ ہفتے کے روز رام بن ضلع میں دو بجکر تین منٹ پر آیا جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 3.0ریکارڈ کی گئی۔دوسرا زلزلہ لداخ میں آیا جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 4.5ریکارڈ کی گئی۔ہفتے کے روز ہی تیسرا زلزلہ ڈوڈہ میں آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4ریکارڈ کی گئی۔
چوتھا زلزلہ اتوار کی صبح لداخ میں آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.1درج کی گئی۔پانچواں زلزلہ اتوار کی صبح کو ہی کٹرہ میں آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.1درج کی گئی۔چھٹا زلزلہ لداخ میں آیا جس کی شدت 4.3ریکارڈ کی گئی۔یاد رہے کہ جموں وکشمیر میں منگل کی دو پہر کو 5.4 کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کا مرکز ضلع ڈوڈہ تھا اور اس زلزلے سے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ جموں وکشمیر زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک زون پانچ اور چار میں آتا ہے۔ماہرین کا ماننا ہے کہ انسانی مداخلت زلزلوں کے آنے کی وجہ ہوسکتی ہے لیکن اس سے بڑے پیمانے کے زلزلے نہیں آسکتے ہیں۔