سرینگر//ریاستی گورنرستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ اس ملک (بھارت)میں کسی ریاست کے پاس اپنا جھنڈا نہیں، جموں وکشمیر کے پاس تو الگ جھنڈا ہے، کسی بھی ریاست کے پاس اپنا آئین نہیں، جموں وکشمیرکے پاس تو اپنا آئین بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کااپناجھنڈااوراپناآئین ہونے کے نتیجے میں اس ر یاست کے لوگ تو اسپیشل یعنی خاص ہیں۔گورنر نے سوالیہ اندازمیں کیا’’ پھر یہاں کے لوگوں کو اور کیا چاہیے؟ ۔ گورنر کاکہناتھاکہ وہ اس بات کی کوشش کریں گے کہ یہاں کے لوگ خوشحال ہوں ۔ ستیہ پال ملک کاکہناتھا کہ وزیر اعظم مودی نے مجھے کوئی سیاسی کام یامشن نہیں سونپا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی نے مجھے کہا’’ لوگوں سے ملو، لوگوں سے پوچھو اور ان سے بات چیت کرو، بات چیت کو آگے بڑھائو، کشمیریوںکو بتائوکہ ہندوستان تمہارا ملک ہے ‘‘۔گورنر موصوف جمعرات کو یہاں ایس ای سی ایم او ایل کی 30 ویں سالانہ تقریب میں تقریر کررہے تھے۔گورنر نے مسلح نوجوانوں سے ہتھیار چھوڑنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جنگجویت کہیں بھی کامیاب نہیں ہوئی ہے۔ ریاستی گورنر نے کہاکہ ہم جنگجوئوں کو نہیں بلکہ جنگجوئیت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیرمیں محض 300 نوجوان (جنگجو) ہیں، ہم اُنہیں مارنا نہیں چاہتے، بلکہ ہم دہشت گردی کو ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ اُنہیں اس بات کا احساس ہو کہ ان کا چنا ہوا راستہ غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیرکے مسلح نوجوانوں کوکچھ حاصل نہیں ہوگاکیونکہ اُن کامقابلہ بھارت جیسے ایک طاقتورملک سے ہے ۔