عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //جموں و کشمیر اسمبلی اِنتخابات 2024 کے پہلے مرحلے میں جموں و کشمیر کے 7اَضلاع کے 24اسمبلی حلقوں میں 279 اُمیدواروں نے اَپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے ۔18؍ستمبر کو ہونے والے اِنتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا منگل کو آخری دن تھا۔چیف الیکٹورل آفیسر کے آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ان اُمیدواروں کی تفصیل بتائی گئی ہے، جنہوں نے اَپنی نامزدگیاں جمع کرائی ہیں۔
صوبہ کشمیر
ضلع اننت ناگ میں کل72، ضلع پلوامہ میں 55، ڈوڈہ ضلع میں 41، کشتواڑ ضلع میں 32، شوپیان ضلع میں 28، کولگام میں 28 اور رام بن ضلع میں 23 اُمیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے۔ضلع اننت ناگ کے 7 اسمبلی حلقوں میں سے ڈورو سے کل 12 اُمیدواروں نے نامزدگیاںداخل کیں۔اسمبلی حلقہ کوکرناگ (ایس ٹی) سے 11 اُمیدواروں نے نامزدگی داخل کئے ۔اسمبلی حلقہ اننت ناگ ویسٹ سے 14 اُمیدواروں نے فارم بھرے۔ اننت ناگ سینٹرل سے 13 اُمیدواروں نے کاغذاتِ جمع کرائے۔ سری گفوارہ۔بجبہاڑہ سے 3 اُمیدواروں نے نامزدگی کے فارم جمع کئے ۔ شانگس(اننت ناگ ایسٹ) سے 13 اُمیدواروں نے نامزدگیاں جمع کیںجبکہ پہلگام سے 6 اُمیدواروں نے کاغذاتِ داخل کئے ۔پلوامہ ضلع کے چار اسمبلی حلقوں میں سے اسمبلی حلقہ پانپور سے 16 اُمیدواروں نے کاغذاتِ جمع کرائے۔ترال سے 13 اُمیدواروں نے فارم بھرے ، جبکہ پلوامہ سے 14 اُمیدواروں نے اورراجپورہ سے 12 اُمیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے ۔ضلع شوپیان میںاسمبلی حلقہ زینہ پورہ سے15 اُمیدواروں نے نامزدگیاں جمع کرائیں۔جبکہ شوپیان سے 13 اُمیدواروں نے کاغذاتِ داخل کئے ۔ضلع کولگام کے تین اسمبلی حلقوں میں سے 6 اُمیدواروں نے ڈی ایچ پورہ سے کاغذاتِ جمع کرائے ۔کولگام سے 11 اُمیدواروں نے جبکہ دیوسرسے 11 اُمیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کئے۔
صوبہ جموں
صوبہ جموں میں کشتواڑ ضلع کے تین اسمبلی حلقوں میں سے اندروال سے کُل 13 اُمیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگیاں داخل کیں۔کشتواڑ کیلئے 11 اُمیدواروں نے جبکہ پاڈر۔ناگسینی سے 8 اُمیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کئے ۔ڈوڈہ ضلع کے تین اسمبلی حلقوں میں سے بھدرواہ میں 16 اُمیدواروں نے کاغذات جمع کرائے۔ڈوڈہ سے 16 اُمیدواروں نے جبکہ ڈوڈہ( ویسٹ) سے 9 اُمیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے ۔رام بن ضلع کے2 اَسمبلی حلقوں میںسے رام بن سے 13 اُمیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کئے جبکہ بانہال سے 10 اُمیدواروں نے نامزدگیاں داخل کیں۔واضح رہے کہ 18 ستمبر 2024 ء کو ہونے والے اسمبلی اِنتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران 5.66 لاکھ نوجوانوں سمیت 23.27 لاکھ سے زیادہ رائے دہندگان اَپنے اِنتخابی حق رائے دہی کا اِستعمال کرنے کے اہل ہیں جن میں سے 11.76 لاکھ مرد اور 11.51 لاکھ خواتین اور 60خواجہ سرا رائے دہندگان ہیں۔پہلے مرحلے کا نوٹیفکیشن 20؍ اگست 2024 ء کو جاری کیا گیا تھا اور پہلے مرحلے کے لئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 27 ؍اگست تھی۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال متعلقہ ریٹرننگ اَفسران 28 اگست کو کریں گے جبکہ اُمیدوار 30 اگست سہ پہر 3 بجے ریٹرننگ آفیسر آفس میں اَپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ اس کے بعد درست نامزد اُمیدوار انتخابی میدان میں ہوں گے۔