عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وومید رنگ منچ کے اہتمام سے جموں میں 21روزہ روایتی موسیقی اور رقص تربیتی کیمپ کا آغاز ہوا جس میں جموں و کشمیر کے روائیتی لوک موسیقی اور رقص کی روایات کو شامل کیا گیا ہے۔اس تربیتی کیمپ کو مالی سال 2023-24کے لئے ہمالیہ BTIکے ثقافتی ورثہ کے تحفظ اور ترقی کے لئے اسکیم کے ایک حصے کے طور پر وزارت ثقافت حکومت ہند کا تعاون حاصل ہے۔اس اقدام کا مقصد جموں و کشمیر کی یکساں اور متحرک لوک روایات پر خصوصی توجہ کے ساتھ ہمالیائی خطے کے بھرپور ثقافتی ورثے کی بحالی، تحفظ اور فروغ دینا ہے۔اس تربیتی کیمپ میں شریک نوجوانوں کو روایتی لوک موسیقی، تکنیک، رقص طور طریقے اور اس خطے کے لئے منفرد کارکردگی کے طریقوں کی گہری تربیت فراہم کی جائے گی۔کیمپ کے آغاز میں وومید رنگ منچ کے سربراہ روہت بٹ نے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری ذمداری ہیکہ ہم اپنے آبااجداد کے زریعے ہمارے پاس جانے والی روایات کی حفاظت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تربیتی کیمپ مقامی فنکاروں کو بااختیار بنانے اور نوجوان نسل کو ان کی جڑوں سے جوڑنے کی طرف ایک چھوٹا لیکن اہم اقدام ہے۔واضح رہے کہ وومید رنگ منچ ایک متحرک ثقافتی تنظیم ہے جو تھیٹر کے فروغ، پرفارمنگ آرٹ اور جموں و کشمیر میں روایتی آرٹ فارموں کے تحفظ کے لئے گزشتہ کئی برسوں سے کام کررہی ہے۔