ممبر اسمبلی اعجاز جان اور میاں مہر علی کی مذمت، انصاف کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ// ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان اور ایم ایل اے کنگن میاں مہر علی نے محمد پرویز جنہیں مبینہ طور پر شہری لباس میں اور پولیس کی وردی کے بغیر افراد کے ہاتھوں المناک طور پر قتل کردیا گیا تھاکی رہائش گاہ کا تعزیتی دورہ کیا۔اس دوران انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے ملاقات کر کے ان سے اظہار تعزیت کیا، بعد ازاں انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس انتہائی افسوس ناک واقعے نے ایک بار پھر خطے میں مسلم کمیونٹی کے تحفظ اور سلامتی کے حوالے سے خدشات نے جنم لیا ہے۔ ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں بتایا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھی اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے۔ میاں مہر علی نے اہل خانہ اور جمع ہونے والے مقامی لوگوں سے بات کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ پوری برادری اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ میڈیا اور مقامی لوگوں سے بات کرتے ہوئے اعجاز احمد جان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے طاقت کا وحشیانہ استعمال اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد کے لئے خاص طور پر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے لئے قانون اور احتساب کی حدود سے باہر کام کرنا ناقابل قبول ہے۔انہوں نے ملوث افراد کی فوری معطلی اور گرفتاری کا مطالبہ کیا اور اس معاملے کو اسمبلی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معصوم کی موت پر سیاست کھیلنا کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے اور تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ الزام تراشی کے بجائے انصاف پر توجہ دیں۔ ایم ایل ایز نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے واقعات ناقابل قبول ہیں اور اس کی وجہ سے شہریوں کے عدم تحفظ میں اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر جب خاندان موسمی حالات اور اپنے مویشیوں کی ضروریات کی وجہ سے عارضی طور پر نقل مکانی کرتے ہیں۔ یہ دیکھا گیا ہے کہ ایسی کمزور کمیونٹیز کو اکثر پولیس چوکیوں کے قریب ہراساں کیا جاتا ہے یا انہیں نشانہ بنایا جاتا ہے، جس سے سنگین خدشات پیدا ہوتے ہیں۔ ایم ایل اے کے ساتھ آنے والے ممتاز لیڈران اور پارٹی ممبران میں عابد ماگرے ضلع صدر، رامبن، تاجندر پال سنگھ صوبائی صدر، وائی این سی، نتیش شرما، ضمیر قریشی، ادھیان شرما، شہزاد دیوان، سینئر سنیل شرما، سینئر ایم کے رانا، جسین ملک، مختار راٹھور، اور دیگر شامل تھے۔ ان کی موجودگی ناانصافی کے خلاف متحد موقف اور غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہونے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ایم ایل ایز نے مشترکہ طور پر جموں و کشمیر کے معزز لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی تاکہ انہیں صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے۔ ایل جی نے یقین دلایا کہ ملوث تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور خاندان کو انصاف دلانے کے لئے مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ رہنماؤں نے خطے میں امن اور اتحاد کی اپیل کی اور حکام پر زور دیا کہ وہ مذہب یا پس منظر سے قطع نظر تمام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔