بانہال//جموں سرینگر شاہراہ پر بانہال کے نزدیک شابن باس علاقے میں بانہال پولیس نے ناکہ لگاکر جموں سے وادی کی طرف آنے والی تمام گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رکھا جس کی وجہ سے بانہال اور شیر بی بی کے درمیان کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تلاشی کارروائی کا یہ سلسلہ اس اطلاع کے بعد شروع کیا گیا تھاجس میں کہا گیا ہے کہ جموں میں پولیس اہلکار سے بندوق چھننے کے واقع میں مبینہ طور ملوٹ ایک مفرور نوجوان کی موبائل لوکیشن بانہال میں دیکھی گئی ہے تاہم تمام گاڑیوں اور سواریوں کی تلاش کارروائی کے باوجود بھی اس بارے میں پولیس کو کوئی کامیابی نہ مل سکی۔ اسی طرح کی چیکنگ رام بن اور چندرکوٹ میں بھی کی گئی۔ بانہال میں تلاشی کیلئے روکی گئی گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاروں کی وجہ سے بانہال کے شابن باس اور چملواس کے درمیان ٹریفک جام رہا اور کسی بھی گاڑی کو تلاشی کے بغیر آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جانکار ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں میں پولیس اہلکار سے بندوق چھیننے کے واقع میں ملوٹ ایک مفرور ملزم کی موبائل لوکیشن بانہال کے علاقے میں کھوجی یا ٹریس کی گئی ہے اور اس کے بعد بانہال اور رام بن میں شاہراہ پر تلاش کاروائی شروع کی گئی تاہم اج شام سات بجے تک پولیس نے اس واقع میں ملوث کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی ہے ۔ ٹریفک جام کی وجہ سے جموں سے سرینگر آنے والے معمول کے ٹریفک میں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔