عظمیٰ نیوز سروس
جموں// این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 18 مارچ کو گرفتار کیا گیا ایک منشیات اسمگلرجمعہ کو ہائی کورٹ کمپلیکس، جانی پور سے پولیس کی حراست سے فرار ہوگیا۔سیہورا تحصیل، امرتسر، پنجاب کے بلراج سنگھ کو 18 مارچ کو پولیس چوکی ناروال کی ایک ٹیم نے 9 گرام ہیروئن نما مادہ کے ساتھ گرفتار کیا تھا اور اس کے ساتھ ایک دوسرے شخص، جسکی شناخت پون کمار ساکن گڑھ سمنا بنج، ادھم پور کے طور پر کی گئی تھی، جس کے قبضے سے6 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا گیا تھا۔ ان دونوں کے خلاف ایف آئی آر نمبر 65/2024 این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/21/22/25/29 کے تحت پولیس اسٹیشن باہو فورٹ میں درج کیا گیا تھا۔جمعہ کے روز پولیس نے ملزمان کو ہائی کورٹ کمپلیکس میں لا کرایک ذیلی عدالت میںپیش کیا تاکہ ان سے مزید پوچھ گچھ کے لیے دونوں کی ریمانڈ حاصل کی جا سکے، جب ان میں سے ایک موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس ابھی تک ملزمان کے ٹھکانے کا پتہ نہیں لگا سکی۔پولیس نے اسے ڈھونڈنے کیلئے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔