جموں//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے جموں میں کشمیر یونیورسٹی کے سب آفس کا افتتاح کیا۔ نئی تعمیر کی گئی اس عمارت میں ایک اکیڈیمک بلاک کے علاوہ طلاب اور فیکلٹی ممبران کے لئے رہائشی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔یہ عمارت 6کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے اور اس میں ڈسٹنس ایجوکیشن کے لئے کنٹیکٹ کلاسوں کے لئے کلاس روم سہولیات ، عملے ،فیکلٹی اور طلاب کے لئے ٹرانزٹ رہائشی سہولیات کے ساتھ ساتھ کئی دیگر سرگرمیوں اور میٹنگوں کی گنجائش ہوگی۔یہ پروجیکٹ مارچ 2015ءمیں شروع کیا گیا تھا۔اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے سب آفس کے مختلف سیکشنوں کا معائینہ کیا اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر خورشید اقبال اندرابی نے انہیں کام کاج اور سرگرمیو ں کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی۔محبوبہ مفتی نے وائس چانسلر سے یونیورسٹی کے تدریسی اقدامات اور ترقیاتی پروجیکٹوں پر ہورہی پیش رفت کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔وزیر اعلیٰ نے خاص طور سے یونیورسٹی کی طرف سے قائم کئے جارہے نرسنگ کالج کی پیش رفت کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔وزیر تعلیم سید الطاف بخاری، تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر،وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر آر ڈی شرما، رجسٹرار کشمیر یونیورسٹی پروفیسر مصدق امین صحاف کے علاوہ یونیورسٹی اور ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔