سید امجد شاہ
جموں//جموں، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع میں آج ایک ہی دن میں ڈینگو کے کم از کم 10 کیسوں کا پتہ چلا ہے جس سے جموں خطہ میں متاثرہ افراد کی کل تعداد 59 ہو گئی ہے۔حکام کے مطابق جموں میں 6، کٹھوعہ ضلع میں 3 اور سانبہ ضلع میں ایک شخص ڈینگو سے متاثر پایا گیا۔ یہ تمام دس کیس جموں جی ایم سی میں جانچ کے دوران پائے گئے۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ڈینگو ٹیسٹ کیلئے کل 97 نمونے لئے گئے جن میں سے 10 ڈینگو سے متاثر تھے۔اب تک صرف جموں ضلع میں ڈینگو کے 59 کیس سامنے آئے ہیں۔ جموں ضلع کے بعد کٹھوعہ میں ڈینگو کے 9، سانبہ میں 4، ادھم پوروریاسی میں تین، پونچھ ضلع میں 2، ڈوڈہ میں ایک، ایک باہری اور وادی کشمیر سے تین کیس ہیں۔مجموعی طور پر، جموں وکشمیر میں ڈینگو کے 85 کیس پائے گئے حالانکہ جموں ضلع سب سے زیادہ متاثر ہے۔ اب تک 3347 ٹیسٹ کیے گئے اور ان میں سے 85 ڈینگو سے متاثر پائے گئے۔