جموں // جموں و کشمیر میں ایک مرتبہ پھر سے ڈینگو اور سوائن فلو بیماری نے دستک دی ہے اور جموں صوبے میں سوائن فلو اور ڈینگو کے 29 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ ایک سینئر سرکاری افسر نے بتایا کہ سوائن فلو کے 5اور ڈینگو کے 24مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے تاہم بیماریوں کو روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔ ادھر ڈائریکٹر ہیلتھ سروس کشمیر کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں گرجیت سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ 24مریضوں میں ڈینگو اور 5دیگر مریضوں میں سوائن فلو کی تصدیق ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگو اور سوائن فلو سے ابتک کوئی بھی موت واقع نہیں ہوئی ہے جبکہ محکمہ صحت نے بیماریوں کو روکنے کیلئے ضروری اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگو سے متاثر 24افراد میں 6خواتین اور 4بچے بھی شامل ہیں جو مختلف اسپتالوں میں علاج و معالجے کے بعد ٹھیک ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ ڈینگو کے سب سے زیادہ کیس جموں میں پائے گئے جبکہ سامبا میں دو اور راجوری ، پونچھ، ڈوڈہ ، ادھمپور اور کٹھوعہ سے ایک ایک مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوائن فلو کے 5مریضوں کا تعلق جموں سے ہے جن کا علاج اسپتال میں جاری ہے اور انکی حالت مستحکم ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ صورتحال سنگین نہیں ہے۔ ادھر ڈائریکٹر ہیلتھ سروس کشمیر ڈاکٹر سلیم الرحمن کا کہنا ہے کہ ڈینگو بیماری کا کشمیر میں کوئی اثر نہیں ہے کیونکہ ڈینگو وائرس سردیوں میں زندہ نہیں رہ پاتا ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک سوائن فلو کی بات ہے تو محکمہ صحت نے پہلے ہی ضروری اقدامات کئے ہیں اور اسلئے ہمیں پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچاﺅ عملہ پوری طرح مستحکم اور ہوشیار ہے اور وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔