جموں/ دیہی ترقی ، پنچایتی راج ، قانون اور انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ڈی بی ٹی کے آغاز کرتے ہوئے 1303مستحقین میں 16کروڑ روپے منتقل کئے۔سکیم کا مقصد غریب اور اقتصادی طور کمزور طبقوں کو رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ایم ایل اے نگروٹہ دویندر سنگھ راناکے علاوہ ڈائریکٹر دیہی ترقی محکمہ رویندر کے بھٹ ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ جموں ایم لطیفی تاثیر اور کئی افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے عبدالحق خان نے کہا کہ ڈائریکٹ بنیفٹ ٹرانسفر ( ڈی بی ٹی ) کا بنیادی مقصد لوگوں کو براہ راست مالی امداد فراہم کرنے اور اس عمل میں کسی قسم کی رشوت ستانی جیسے عنصر کو دور رکھنا ہے۔وزیر نے کہا کہ ریاست کے بے گھر لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت 2022 تک تمام ایسے افراد کو رہایشی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے جس میں تمام طرح کی بنیادی سہولیات مہیا ہوں گی۔عبدالحق نے ستمبر میں تمام بی ڈی اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں گرام سبھا منعقد کرنے کی ہدایت دی تا کہ مستحق کی نشاندہی کی جاسکے۔وزیر نے مستحقین کو پہلی قسط حاصل کرنے پر مبارک باد دی اور اُن سے تلقین کی کہ وہ اس مالی امدادکو صحیح طریقے پر خرچ کریں تا کہ دوسری قسط اُن کو فراہم کی جاسکے۔