جموں//ضلع جموں کے علاقے پھلایاں منڈل میں خاندانی تنازعہ کے بعد پولیس کانسٹیبل نے بیوی اور اس کے والدین کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک پولیس کانسٹیبل اپنی سروس رائفل کے ساتھ پھلایاں منڈل میں اپنے سسرال گیا او روہاں اپنی اہلیہ اور اس کے والدین (سسر اور ساس) دونوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ اس کے سسرال کے دو دیگر افراداس واقعے میں زخمی ہوئے تھے اور انہیں جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج بخشی نگر منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس نے مزید بتایا"ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ مفرور پولیس اہلکارکی گرفتاری کے لئے تلا شی مہم شروع کی گئی ہے۔ایک کنبے کے تین افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیوں کے لئے مردہ خانہ منتقل کردیا گیا۔ اس رپورٹ کے اندراج تک مہلوکین کے ناموں کا پتہ نہیں چل سکا۔واقعے کا مشاہدہ کرنے والے متاثرہ خاندان کے ایک نوجوان نے جی ایم سی جموں کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا "پولیس اہلکار مٹھائی لے کر میری دکان پر آیا تھا اور پھر وہ ہماری رہائش گاہ گیا تھا جہاں اس نے فائرنگ کرکے میرے کنبہ کے تین افراد کو ہلاک کردیا ، جب کہ دو چھوٹے بچے معجزاتی طور بچ نکلے‘‘۔انہوں نے بتایا کہ پولیس والے نے اپنی اہلیہ سے جھگڑا کیا تھا اور وہ مبینہ طور پر اس کی پٹائی کرتا تھا۔ اس خاندان کے ممبروں کے مطابق اس جوڑے کے دو بچے ہیں اور ان کی شادی 7 سال قبل ہوئی تھی۔