عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں میں پنشنرز سمیلن کا افتتاح کیا۔اپنے خطاب میں، لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع انتظامیہ جموں کو 63,919 مستفیدین تک پہنچنے کے لیے مسلسل مہم کے لیے مبارکباد دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”ہمارا مقصد سب کے لیے سوشل سیکورٹی نیٹ اور ہر شہری کے لیے بہتر معیار زندگی کو یقینی بنانا ہے،سماج کے ہر طبقے کو بغیر کسی امتیاز کے مرکزی اور یو ٹی اسکیموں کے فوائد مل رہے ہیں‘‘ ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انتظامیہ نے غریبوں، پسماندہ اور کمزوروں کے لیے مزید حقوق اور وسائل کو یقینی بنایا ہے۔پنشنرز سمیلن میں، لیفٹیننٹ گورنر نے حکومت کے سماجی بہبود کے مختلف اقدامات کا اشتراک کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ان اقدامات نے جموں کشمیر میں ترقیاتی عدم توازن کو دور کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انتظامیہ نے غریبوں اور محروموں کے مفاد میں بلا خوف و خطر تمام فیصلے کئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے عوامی نمائندوں، عہدیداروں اور سول سوسائٹی کے ارکان سے اجتماعی کوششوں پر زور دیا تاکہ تمام اہل استفادہ کنندگان کو سماجی تحفظ کی اسکیموں سے مربوط کیا جاسکے اور ان کی زندگیوں میں بامعنی تبدیلی لائی جاسکے۔