موسلا دھار بارشوں کا شاخسانہ ، متاثرہ انفراسٹرکچر کی مرمت کا کام جاری:سنگھل
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//شمالی ریلوے، جموں ڈویژن نے پیر کو خطے میں شدید بارش کی وجہ سے ٹرین خدمات کی بحالی کے پانچویں مرحلہ کومنسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔شمالی ریلوے کے مطابق تہواروں کے موسم میں مسافروں کی سہولت کے لئے جموں ڈویژن میں ریل ٹریفک کو معمول پر لانے کےلئے بحالی کے پانچویں مرحلے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ اس مرحلے میں کئی اہم ٹرینوں کا دوبارہ آپریشن شامل تھا۔بیان میں اعلان کیا گیا کہ جموں توی ۔نئی دہلی ٹرین 16اکتوبر 2025 سے دوبارہ کام شروع کرے گی، جب کہ جموں توی۔ناندیڑ ٹرین 19 اکتوبر سے شروع ہوگی۔س کے علاوہ، جموں توی۔پونے ٹرین 17 اکتوبر سے شروع ہوگی۔ توی۔سنبل پور ٹرین 19 اکتوبر 2025 کو شروع ہوگی۔ پٹھانکوٹ۔شہید کیپٹن تشار مہاجن ٹرین 15اکتوبر کو شروع ہوگی اور شہید کیپٹن تشار مہاجن۔پٹھانکوٹ ٹرین 15 اکتوبر کو شروع ہوگی۔تاہم، جموں میں کچھ ٹرینوں کو مختصر مدت کے لیے چلایا جا رہا ہے۔ جموں توی۔باندرہ ٹرمینس ٹرین لدھیانہ سے مختصر مدت کے لیے چلے گی، جبکہ شری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ۔سابرمتی بی جی ٹرین کو امرتسر سے مختصر مدت کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ مزید برآں، شہید کیپٹن تشار مہاجن۔کوٹا ٹرین لدھیانہ سے مختصر طور پر چلائی جائے گی، شہید کیپٹن تشار مہاجن۔اندور ٹرین جالندھر کینٹ سے مختصر طور پر چلائی جائے گی، اور شہید کیپٹن تشار مہاجن۔درگ ٹرین امبالہ کینٹ سے مختصر طور پر چلائی جائے گی۔اُچیت سنگھل، سینئر ڈویژنل کمرشل مینیجر نے بتایا کہ تباہ شدہ پٹریوں، پلوں اور دیگر ریل انفراسٹرکچر کی مرمت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ سفر کرنے سے پہلے ٹرین کے سٹیٹس کی تصدیق کر لیں۔انکاکہناتھا’’اس آفت کے بعد، ہم نے تباہ شدہ پٹریوں، پلوں اور دیگر ریل انفراسٹرکچر کی مرمت کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کیا ہے۔ ہمارا مقصد تمام ریل خدمات کو جلد از جلد بحال کرنا ہے، مسافروں کو کم سے کم تکلیف کو یقینی بنانا ہے۔ ہم ان کے تعاون اور صبر کے شکر گزار ہیں‘۔سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر نے یہ بھی بتایا کہ مسافر انڈین ریلویز کی ویب سائٹ کے ذریعے یا مزید مدد کے لیے ریل مداد ہیلپ لائن نمبر (139) پر رابطہ کرکے بھی اپ ڈیٹس کی جانچ کر سکتے ہیں۔