عظمیٰ نیوزسروس
جموں// کٹرہ علاقے کی ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی بھون میں جمعرات کو نوراتری تہوار کے موقع پر عقیدت مندوں کا بھاری رش ہے۔بھون کو تہوار کے موقع پر رنگ برنگے پھولوں سے سجایا گیا ہے۔ماتا ویشنو دیوی مندر کے چیف پجاری گوپال داس کے میڈیا کو بتایا’’ملک بھر سے عقیدت مند صبح سے ہی بڑی تعداد میں یہاں آ رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ نوراتری کے نو دنوں کے دوران یہاں لوگوں کی بھلائی اور خوشحالی کے لئے دعائیں کی جاتی ہیں۔ایک عقیدت مند نے میڈیا کو بتایا’’میں اپنے کنبے کے ساتھ آج یہاں درشن کے لئے یہاں آیا ہوں میں اس تہوار پر یہاں ہر سال یہاں آتا ہوں اور ماتا کا درشن کرتا ہوں‘‘۔انہوں نے لوگوں سے ماتا کا درشن کرنے کے لئے یہاں آنے کی اپیل کی۔ایک خاتون عقیدت مند نے بتایا’’میں آج یہاں پہلی بار آئی ہوں دس برسوں سے میں اس انتظار میں تھی آج ماتا کا بلاوا آیا اور میں یہاں آئی ہوں‘‘۔انہوں نے کہاکہ یہاں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہے لوگوں کو یہاں آنا چاہئے اور ماتا کا درشن کرنا چاہئے۔دریں اثنا بورڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ عقیدت مندوں کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عقیدت مندوں کی سہولیات سے لے کر سیکورٹی تک کے تمام تر انتظامات کو حتمی شمکل دی گئی ہے۔
کمشنر جے ایم سی کا باہو قلعہ میں نوراترا انتظامات کا جائزہ
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر دیونش یادو نے باہو فورٹ باوے والی ماتا مندر کا دورہ کیا تاکہ نوراترا کے دوران عقیدت مندوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔دورے کے دوران، ڈاکٹر یادو نے مختلف سہولیات کا معائنہ کیا، جن میں صفائی، بجلی اور پانی کی فراہمی کے علاوہ عقیدت مندوں کی آمد کے لیے دیگر تمام انتظامات شامل ہیں۔ انہوںنے مندر کے عملے اور مقامی حکام کے ساتھ رسد کے پہلوؤں پر بات چیت کی ۔تہواروں کے دوران احاطے میں صفائی کو برقرار رکھنے اور خوش آئند ماحول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کمشنر نے جے ایم سی کے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ نوراترا کے دوران مناسب آدمی اور مشینری کو تعینات کریں۔ کمشنر نے انہیں گلیوں اور نالوں، تالابوں کی صفائی کو یقینی بنانے کی مزید ہدایت کی۔انہوںنے پارکس اور سڑکوں اور ریہری زون سے کچرا اٹھانے پر زور دیا تاکہ عقیدتمندوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
منوج سنہا کی نوراتری پر لوگوں کو مبارکباد
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نوراتری کے مقدس تہوار کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے جمعرات کی صبح ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا’’میں نوراتری کے مقدس موقع پر آپ اور آپ کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آپ سب کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔نو راتری ہندو دھرم کا ایک اہم تہوار ہے یہ تہوار دیوی درگا کے اعزاز میں منایا جاتا ہے ۔