جموں// جموں میں آج سے دو روزہ ’کشمیری پنڈت فوڈ فیسٹول‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جموں وکشمیر ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (جے کے ٹی ڈی سی) کی طرف سے کیا جارہا ہے۔ اس فیسٹول کو ریاستی محکمہ سیاحت کا بھی تعاون حاصل ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی سرمد حفیظ نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا ’جموں میں ہم کشمیری پنڈتوں کے کھانوں سے متعلق دو روزہ ایونٹ کا انعقاد کررہے ہیں۔ اس سے قبل ہم نے سرینگر میں چینی فوڈ فیسٹول کا انعقاد کیا۔ جموں میں کشمیری و ڈوگری کھانے اور ’ہریسہ‘ فیسٹول کا انعقاد کیا جاچکا ہے۔ ہماری یہ خواہش تھی کہ گرمیاں شروع ہونے سے قبل جموں میں کشمیری پنڈت فوڈ فیسٹول کا انعقاد ہو‘۔ سرمد حفیظ نے کہا ’یہ فیسٹول 16 مارچ کو شروع ہوکر 17 مارچ کو اختتام پذیر ہوگا‘۔ انہوں نے کہا ’ہم 28 برس کے بعد نورے 2018 کا انعقاد کر ررہے ہیں‘۔ ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی نے کہا ’جے کے ٹی ڈی سی ایک کاروباری ادارہ ہے۔ ان فیسٹولوں کے انعقاد سے اس کی پبلسٹی ہوتی ہے‘۔ سرمد حفیظ نے ملکی سیاحوں کو کشمیر آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ’ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر کے حالات اور سیاحت کو لیکر جو منفی باتیں کی جارہی ہیں، ان فیسٹولوں سے اُن باتوں کا غلط ثابت کیا جاسکے۔ ہم آپ کے ذریعہ ملک کی عوام اور پڑوسی ریاستوں کے لوگوں سے گذارش کرنا چاہتے ہیں کہ وہ جموں وکشمیر کی قدرتی خوبصورتی کو دیکھنے کے لئے یہاں آئیں‘۔