عظمیٰ نیوز سروس
جموں//پولیس نے جمعرات کو جنوبی جموں میں بڑے پیمانے پر جعلی بندوق لائسنس ہونے کا پتہ لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس نے کہا کہ ان کو ایک قابل اعتماد ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ گن ہائوسز کا مالک تیرتھ سنگھ سکنہ غادی گڑھ ہارورڈ کالج کے قریب اپنی نئی زیر تعمیر عمارت میں جعلی بندوق کا لائسنس رکھ رہا ہے۔پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 177/2024 U/S 318(4) ,339,336,340(2),61(2) پولیس سٹیشن ستواری میں درج کی گئی اور تفتیش شروع کردی گئی۔اس اطلاع کی بنیاد پر عمارت پر مجسٹریٹ کی موجودگی میں چھاپہ مارا گیا اور کچھ دیگر دستاویزات کے ساتھ 435 بندوق کے لائسنسوں پر مشتمل ایک بیگ برآمد کیا گیاجس کے بعد پو لیس کی جانب سے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔