جموں//ڈوگرہ فرنٹ اورشیوسیناکے ورکروں نے تنظیم کے صدراشوک گپتا کی قیادت میں شہرجموں میں بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کاکہناتھاکہ شہری علاقوں میں لوگوں کو8 گھنٹے اور دیہی علاقوں کے لوگوں کو12 گھنٹے تک بجلی بندرہنے کی وجہ سے اس گرمی کے موسم میں شدید مشکلا ت بلکہ عذاب کاسامناکرنا پڑرہاہے۔شہرجموں کے کافی تعدادمیں لوگ ہاتھوں میں پنکھے اورپانی کی خالی بالٹیاں لیکر سڑکوں پرآگئے اورمحکمہ بجلی کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کاکہناتھاکہ محکمہ بجلی کابنیادی ڈھانچہ اتناپرانااورخستہ ہے کہ وہ بجلی کی سپلائی کا بوجھ اٹھاہی نہیں سکتاہے جس کے نتیجہ میں یاتو ٹرانسفارمرسڑجاتے ہیں یاپھربجلی کی ترسیلی لائنیں جل کر گرپڑتی ہیں۔اشوک گپتا نے پی ڈی ڈی کوتین سیکٹروںمیں تقسیم کرنے کامطالبہ کیا۔انہوں نے جموں کے لئے الگ پی ڈی ڈی شعبہ اورکشمیرولداخ کے لئے الگ الگ شعبے قائم کرنے کی مانگ کی اوراس طرح سے ہرشعبہ کوالگ الگ فنڈز اورنشانہ جات مقررکرنے کی ضرور ت پرزوردیا۔انہوں نے کہاکہ اس قدم سے جہاں بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اورجوبجلی کاکرایہ ادانہیں کرتے ہیں کوبجلی کی سپلائی بھی اسی حساب سے کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی سپلائی 9/9 گھنٹے بندرہنے کی وجہ سے عوام پانی کی بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں۔