سرینگر// لبریشن فرنٹ (ح) کے چیئرمین جاوید احمد میر نے جموں میں ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے دن بہ دن بڑھتی ہوئی انتہا پسندی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتی فرقوں کے ساتھ زیادتی اور اُن کے بچوں اورخواتین پر ڈھائے جارہے ظلم و ستم جموں و کشمیر میں آگ لگانے کے مترادف ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس اور فورسز جموں میں ہو رہی زیادتیوں پر خاموش تماشائی کا رول ادا کر رہی ہے۔ جہاں کشمیر میں معمولی سے احتجاج پر گولیاں، پلیٹ اورگولیوں کا آزادانہ استعمال کیا جا رہا ہے وہیں جموں میں صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے ۔جاوید میر نے کہا کہ دہلی میں بیٹھ کر چند مفاد پرست سیاسی لیڈرجموں و کشمیر کو مذہبی بنیادوں پرتقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر دن بہ دن آتش فشاں کی شکل اختیار کر رہا ہے اور بھاجپا کی ہٹ دھرمی اس آتش فشاں جیسے تنازعہ کشمیر کو پھٹ جانے سے روک نہیں سکتا ہے۔ انہوں نے طلباء پر کئے گئے تشدد اور اُنکی گرفتاریوں پر سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں اور طلباء پر کی جا رہی زیاتیوں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔