عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بندوقیں فروخت کرنے والی ایک دکان کو ہفتہ کے روز اپنے تجارتی لائسنس کی تجدید نہ کرنے پر سیل کر دیا گیا جبکہ حکام نے تمام آتشیں اسلحہ لائسنس ہولڈروں کو ایک ہفتے کے اندر اپنے اضافی ہتھیاروں کو حوالے کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی۔ شیو نگر علاقے میں بندوق کی دکان کے مالک امرناتھ بھارگو نے دعویٰ کیا کہ ضلع انتظامیہ نے کارروائی کرنے سے پہلے انہیں کوئی نوٹس جاری نہیں کیا۔بھارگو نے لائسنس کی تجدید میں تاخیر کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا’’میں نے لائسنس کی تجدید کے لئے بروقت درخواست دی ہے اور کئی مہینے پہلے تمام ضروری لوازمات کو مکمل کیا ہے لیکن وہ آئے اور بغیر اطلاع کے دکان کو سیل کر دیا‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ 45 سال سے دکان چلا رہے ہیں۔دریں اثنا، جموں کے ضلع مجسٹریٹ سچن کمار ویشیا نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں ضلع کے تمام آتشیں اسلحہ لائسنس ہولڈروں کو اسلحہ (ترمیمی) ایکٹ 2019 کی دفعات کی تعمیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایکٹ کے مطابق کسی بھی فرد کو دو سے زیادہ آتشیں اسلحہ رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ دو سے زیادہ آتشیں اسلحہ رکھنے والے شناخت شدہ لائسنس ہولڈرز کو ایک ہفتے کے اندر اپنے اضافی ہتھیاروں کے حوالے کرنا ہوگا۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ “ان لائسنس ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یونین کے مسلح افواج کے ارکان کی صورت میں اپنا دوسرا آتشیں اسلحہ قریبی پولیس اسٹیشن یا مجاز یونٹ آرموری میں جمع کرائیں”۔حکم نامہ کے مطابق’’ہتھیار ڈالنے کے بعد، انہیں اپنے لائسنسوں کی مناسب توثیق کو بھی یقینی بنانا چاہیے، تاکہ آرمز ایکٹ کے تحت منسوخی اور مزید قانونی کارروائی سے بچا جا سکے‘‘۔اس میں کہا گیا ہے کہ حکم کی عدم تعمیل لائسنسوں کی فوری منسوخی کا باعث بنے گی، نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی شروع کی جائے گی۔