کیف حسن زیدی
جموں // شہر جموں میں منگل کی صبح سے شروع ہونے والی ہلکی اور درمیانہ درجے کی بارش نے جہاں موسم کو خوشگوار بنا دیا، وہیں شدید گرمی اور حبس سے پریشان عوام نے بھی راحت کی سانس لی۔ بدھ کو جموں میں دن بھر درجہ حرارت 25سے 28ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا جبکہ آسمان مسلسل ابر آلود رہا، جس کی وجہ سے دھوپ کم نکلی اور موسم قدرے ٹھنڈا محسوس ہوا۔ماہ جولائی کے دوران جموں میں درجہ حرارت عموماً 35سے40ڈگری سیلسیس تک پہنچ جاتا ہے، لیکن آج کی بارش نے موسم کا مزاج بدل دیا۔ بارش کے بعد چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے عوام کو گرمی سے نجات دلائی۔ شہریوں، خاص طور پر بزرگوں اور بچوں نے اس موسم کا بھرپور لطف اٹھایا۔ بہت سے لوگ پارکوں، باغیچوں اور کھلی جگہوں پر چہلقدمی کرتے اور موسم کے مزے لیتے دکھائی دیئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارش ایک مغربی ہوائی سسٹم کے اثرات کا نتیجہ ہے، جو آئندہ ایک دو روز تک جموں و کشمیر کے بعض علاقوں پر اثر انداز رہ سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران جموں میں مزید بارش کا امکان ہے، جو کسانوں کے لیے بھی خوش آئند ثابت ہو سکتی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے جاری شدید گرمی اور حبس نے روزمرہ زندگی کو دشوار بنا دیا تھا، لیکن آج کی بارش سے بڑی راحت ملی ہے۔ ایک مقامی دکاندار وسیم ملک نے کہا “بارش نے جیسے ہمارے صبر کا انعام دیا، گرمی ناقابلِ برداشت ہو چکی تھی۔ اب کم از کم چند دنوں تک سکون ملے گا‘‘۔دوسری جانب بارش کے باعث کچھ علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن دیکھی گئی تاہم کسی بڑے حادثے کی اطلاع نہیں ملی۔ وہیں بارش نے نہ صرف زمین کو سیراب کیا بلکہ دلوں کو بھی تازگی بخشی۔گرمی سے جھلسے چہروں پر بارش کی بوندیں جیسے زندگی کی مسکراہٹ بن کر برسیں اورلوگوں نے سکھ کا سانس لیابلکہ چھتوں، بالکنیوں اور پارکوں میں کھڑے ہو کر بارش کی موسیقی کا استقبال کیا۔