جموں / پندرہ روزہ’ سوچھتا ہی سیو ا مہم‘ اور’ سوچھ بھارت مشن ‘کی تیسری برسی جموں شہر میں اختتام پذیر ہوئی۔جموں میونسپل کارپوریشن کی طرف سے منعقدہ ’ واک تھان‘ کو ٹاون ہال بلڈنگ سے نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ، قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا ،تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے ایم ایل اے جموں ایسٹ راجیش گپتا ، سینئر سول اور پولیس افسروں ، سول سوسائٹی ممبران اور معروف سیاسی شخصیات کی موجود گی میں ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقعہ پر سکولی بچوں کی بڑی تعداد ، این سی سی کریڈٹس ، جے ایم سی افسران ، سوک ورکرس کے علاوہ رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے اور ایشیا چوک میں یہ ریلی اختتام پذیر ہوئی۔اس موقعہ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیرا علیٰ نے کہا کہ ہندوستان کے عظیم رہنما مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی برسی کے موقعہ پر ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے صفائی کے مہم کا آغاز کیا۔ انہوںنے کہاکہ صفائی کی مہم آہستہ آہستہ ملک بھر میں مقبول ہو رہی ہے اور وہ دِن دور نہیں جب ہرفرد اپنی سماجی ذمہ داری کو سمجھنے کیلئے آگے آئے گا اور ملک و ریاست کو صاف وشفاف رکھنے میں اپنا کردار نبھائے گا۔قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے بھی اپنے خطاب میں صفائی کی مہم میں حصہ لینے کیلئے تمام لوگوں کی شرکت یقینی بنانے پر زور دیا۔تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کلین انڈیا مشن صحت مند ہندوستا ن کا ضامن ہے جس کے لئے ہم سب کو اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔