جموں//میونسپل کارپوریشن جموں کی جانب سے نوراتروں کے پیش نظر باوے والی ماتاسے آشیرواد حاصل کرنے کے لئے جے ایم سی کے مئیر چندر موہن گپتا نے باوے کا دورہ کیا اور وہاں صفائی و ستھرائی مہم کا اہتمام بھی کیا۔مئیر کے ہمراہ ڈپٹی مئیر پورنما شرما ،بی جے پی کے جموں ضلع کے صدر بلدیو سنگھ بلوریہ و دیگرلیڈران بھی تھے۔انہوں نے ماتا کے مندر میں جا کر کالی ماتا کا آشیرواد بھی حاصل کیا اور جموں کے امن و خوشحالی کی پرارتھنا کی۔اس موقعہ پر مئیر نے نوراتروں کے دوران انتظامات کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا، جو ہفتہ کے روز سے شروع ہر رہے ہیں۔دورہ کے دوران مئیر نے کہا کہ نوراتروں کے دنوں میں صفائی و ستھرائی یقینی بنانے کے لئے مندر کے احاطہ میں باقاعدگی سے صفائی مہم کا اہتمام کیا جائے گا،تاکہ یاتریوں کو کوئی پریشانی نہ ہو۔اُنہوں نے کہا کہ یاتریوں کی بنیادی سہولیات اور معقول سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ نوراتروں کے دوران لاکھوں کی تعدد میں یاتری ماتا کے آشیرواد حاصل کرنے کے لئے ماتا کا دورہ کرتے ہیں۔