جموں//شہرمیں سیاحت کے فروغ دینے کے لئے آئندہ 13 اپریل سے جموں مہا اتسو 2017 شروع ہو رہا ہے ۔اس میلے کے سلسلے میں تیاریوں کا جائیزہ لینے کے لئے منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت پریا سیٹھی نے کہا کہ اس میلے کا مقصد جموں کے کلچر اور سیر و سیاحت کی گنجایش کو فروغ دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹورسٹ ایسوسی ایشن زمینی سطح پر پرموشن کیلئے کام کر رہی ہے اور جموں کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے عوام اپنی تجاویز ایسوسی ایشن کو پیش کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے فیسٹیول کی زیادہ سے زیادہ تشہیر پر زور دیتے ہوئے دور درشن کو اس کے ٹیلی کاسٹ کی گنجایش تلاش کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے ائیر پورٹ ، ریلوے اور بس سٹینڈوں پر LEDs کے ذریعے فیسٹول کی تشہیر کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے ریاست کے فنکاروں کے فن کی عکاسی کیلئے ابھینو تھیٹر کو بُک کرنے کی گنجایش تلاش کرنے اور صفائی ستھرائی سمیت تمام دیگر لازمی انتظامات دستیاب رکھنے کے احکامات دئیے ۔ میٹنگ میں جوائینٹ ڈائریکٹر سیاحت جموں اور دیگر افسران موجود تھے ۔